سرینگر//
جنوبی کشمیر کے بارسو اونتی پورہ میں تین روز قبل لاپتہ نوجوان کی لاش دریائے جہلم سے برآمد کی گئی ہے جس کے بعد مردو زن نے لاش کاندھوں پر اٹھاکر سرینگر جموں شاہراہ پر دھرنا دیا۔
مظاہرین نے الزام لگایا کہ نوجوان کا قتل کیا گیا ہے کیونکہ اس کے سر پر گہری چوٹ تھی اور جسم پر بھی زخم عیاں تھے ۔
اطلاعات کے مطابق تین روز قبل بارسو اونتی پورہ میں عابد منظورڈار ولد منظور احمد پرا سرار طورپر لاپتہ ہو گیا، بسیار تلاش کے باوجود بھی جب نوجوان کا کئی پر اتہ پتہ نہیں چل سکا تو اہل خانہ نے نزدیکی پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کی۔
ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کے روز ایس ڈی آر ایف کی ٹیم نے دریائے جہلم سے لاش کو باز یاب کرنے کا دعویٰ کیا۔
نوجوان کی لاش برآمد ہونے کے ساتھ ہی بارسو اونتی پورہ میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگ گھروں سے باہر آئے اور احتجاج شروع کیا۔
نامہ نگار نے بتایا کہ لوگوں نے متوفی نوجوان کی لاش کو سرینگر جموں قومی شاہراہ پر رکھا اور نعرے بازی شروع کی۔
اس موقع پر پولیس نے بھیڑ کو منتشر کرنے کی خاطر انہیں پیچھا دھکیلا تاہم اس کے باوجود بھی شاہراہ پر لوگوں کا دھرنا جاری رہا جس وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت کافی دیر تک معطل ہو کررہ گئی۔
متوفی کے بھائی عادل منظور ڈار نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ عابد منظور ۱۵جولائی کی صبح اچانک لاپتہ ہو گیا جس کے بعد اس کی تلاش شروع کی گئی۔انہوں نے کہاکہ آج صبح عابد منظور کی لاش پر اسرار حالت میں برآمد کی گئی اور اس کے سر اور جسم پر زخموں کے واضح نشانات موجود ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ عابد منظور کا قتل کیا گیا ہے اوراس کی باریک بینی سے تحقیقات ہونی چاہئے ۔
دریں اثنا پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ۱۵جولائی کو عادل منظور ولد منظور احمد ڈار ساکن بارسو کی جانب سے ایک رپورٹ موصول ہوئی کہ ان کا بھائی۳۵سالہ عابد منظورڈار جو کہ پیشے سے ایک مزدور ہے لاپتہ ہو گیا ۔
گمشدگی کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد اونتی پورہ پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی۔
ترجمان کے مطابق ٹیکنیکی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر تین افراد کو پوچھ تاچھ کی خاطر طلب کیا گیا جس دوران انہوں نے بتایا کہ متوفی عابد منظور سمیت ہم چاروں سڑک کے کنارے جوا کھیل رہے تھے کہ اسی اثنا میں پولیس کی پیٹرولنگ پارٹی وہاں سے گزری۔
ترجمان نے کہاکہ پولیس کو دیکھتے ہی چاروں وہاں سے بھاگ گئے اور دریائے جہلم میں کود کر دریا کے دوسرے کنارے پر پہنچ گئے تاہم اس دوران عابد منظور کے بارے میں انہیں کچھ معلوم نہیں ہو سکا کہ وہ کہا بھاگ گیا۔
پولیس نے جہلم میں کام کرنے والے کشتی والوں اور لاپتہ شخص کے دیگر جاننے والوں سے بھی پوچھ گچھ کی لیکن کوئی سراغ نہیں ملا۔
ترجمان کے مطابق ایس ڈی آر ایف کی ٹیم نے آج بارسو کے نزدیک نوجوان کی لاش برآمد کی اور سینئر ڈاکٹروں کی موجودگی میں نوجوان کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس ضمن میں۱۹۴بی این ایس کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔
پولیس نے عوام الناس کو مشورہ دیا ہے کہ وہ قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں اور افواہیں پھیلانے سے گریز کریں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقامی لوگوں کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ساتھ تفتیش میں اپنا بھر پور تعاون فراہم کرنا چاہئے ۔
دریں اثنا پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے ایکس پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کیا اور نیچے تحریر کیا’’بارسو اونتی پورہ میں نوجوان کی پر اسرار حالت میں موت واقع ہونے کے بعد اہل خانہ نے احتجاج کیا اور اس واقعے کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا تاہم اس کے بدلے سچ دکھانے پر ایک مقامی نیوز پورٹل رپورٹر کا زد کوپ کیا گیا ‘‘۔
محبوبہ نے آئی جی کشمیر سے ملوثین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ہے ۔