لگتا ہے کہ پاکستان کی حکومت نے اپنے پیروں پر کلہاڑی مارنے کا من بنا لیا ہے… سرحد پار سے ہمسایہ ملک سے جو خبریں آ رہی ہیں وہ اگر کسی بات کی چغلی کھا رہی ہیں تو… تو صرف اس ایک بات کی کہ… کہ شہباز حکومت نے اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارنے کا فیصلہ کیا ہے اور… اور سو فیصد کیا کہ… کہ اگر ایسا نہیں ہو تا تو… تو عمران خان کی پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع نہیں کیا جاتا… بہت سے لوگوں کو لگ رہا ہوگا کہ بے چارے عمرخان کی قسمت اچھی نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے کہ ایک تو وہ ایک سال سے جیل میں بند ہیں… کیس کے اوپر کیس بھی عائد کئے جا رہے ہیں اور اب ان کی جماعت کو سیاسی منظر نامے سے ہٹانے کیلئے اس پر پابندی لگانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں… جو ایسی سوچ رکھ رہے ہیں ہم انہیں بتانا چاہتے اور… اور سو فیصد بتانا چاہتے ہیں کہ… کہ عمران خان کی قسمت اچھی ہے…اچھی نہیں ہوتی تو… تو شہباز حکومت فوج کے کہنے پر انہیں دیوار سے لگانے کی احمقانہ کوشش نہیں کرتی… بالکل بھی نہیں کرتی ۔ہمسایہ ملک میں ماضی میں بھی سیاسی جماعتوں پر پابندی لگانے کی کوششیں ہو ئیں پھر ان کے نتائج کیا ہوئے ‘وہ سبھی جانتے ہیں… عمران خان یقینا ایک بد مزاج سیاستدان ہیں اور… اور ہمسایہ ملک کے موجودہ سیاسی اور معاشی و اقتصادی مسائل میں ان کا بھی ہاتھ ہے… اس میں کوئی شک نہیں ہے… لیکن… لیکن یہ بھی سچ ہے کہ یہ جناب پاکستان کے سب سے مقبول سیاستدان ہیں… اس وقت ان کی برابری کوئی نہیں کر سکتا ہے اور… اور امسال کے اوائل میں عام انتخابات نے یہ ثابت بھی کردیا… کسی بھی سیاستدان کیلئے جیل سزا نہیں ہوتی… تب تو بالکل بھی نہیں جب لوگوں کے دلوں میں یہ بات بیٹھ گئی ہو کہ… کہ اس کے ساتھ نا انصافی ہو رہی ہے… ظلم ہو رہا ہے… زیادتی ہو رہی ہے… عمران خان ایک سال سے جیل میںہیں اوران کی جماعت پر پابندی عائد کرنے کی کوشش سے حکومت وقت اصل میں عمران خان کی مدد کررہی ہے… انہیں عام لوگوں میں مزید مقبول اور معروف بنانے میں مدد کررہی ہے اور… اور جب وقت بدل جائیگا اور… اور خان صاحب جیل سے باہر آجائیں گے تو… تو اللہ میاں کی قسم اس وقت شہباز حکومت کو اپنے اس احمقانہ فیصلہ پر پچھتاوا ہو گا… لیکن…لیکن تب دیر نہیں بلکہ بہت دیر ہوئی ہو گی۔ ہے نا؟