سرینگر//
کشمیر پاور ڈِسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈِی سی ایل) نے زیر تعمیر کمرشل اور رہائشی عمارتوں کے مالکان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بجلی کی ضرورت والے آپریشنز چلانے کیلئے متعلقہ الیکٹرک سب ڈویژن دفاتر میں عارضی کنکشن (ٹی سی) کے لئے فوری طور پر درخواست دیں۔
مالکان سپلائی کوڈ میں درج مقررہ طریقۂ کار پر عمل کرنے کے بعد ٹی سی کے لئے درخواست دے سکتے ہیں اور آسانی سے ٹی سی سہولیت سے فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔
کے پی ڈِی سی ایل کے ترجمان نے مالکان کو آگاہ کیا کہ زیر تعمیر کمرشل اور رہائشی عمارتوں کے لئے بجلی کنکشن لازمی ہے اور کنکشن کے لئے درخواست نہ دینے اور غیر مجاز طور پر بجلی اِستعمال کرنے پر الیکٹرسٹی ایکٹ کے تحت تعزیری کاررِوائی کا باعث بنے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ کے پی ڈِی سی ایل کے تمام ایگزیکٹیو اِنجینئروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ زیر تعمیر عمارتوں کی بجلی کنکشن کی حیثیت کے ساتھ معائنہ اور فہرست تیار کریں۔
کے پی ڈِی سی ایل کے ترجمان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وہ مالکان جو کمرشل یا رہائشی زُمرے میں آنے والی اَپنی زیر تعمیر عمارتوں کے لئے بجلی کے نئے کنکشن کے لئے درخواست دیتے ہیں، انہیں مقررہ شرح پر میٹر کے ساتھ ایک عارضی لائن ملتی ہے جسے تعمیراتی سرگرمی مکمل ہونے پر نوٹیفائیڈ ٹیرف پر مستقل لائن میں تبدیل کیاجائے گا۔
ترجمان نے متنبہ کیا کہ کے پی ڈِی سی ایل زیر تعمیر عمارتوں کے مالکان کے خلاف سخت کاررِوائی کرے گا جو ٹی سی کے لئے درخواست دینے میں ناکام رہتے ہیں اور غیر قانونی طور پر بجلی اِستعمال کرتے ہوئے پکڑے جائیں گے۔