جموں//
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی ) نے سب انسپکٹر پیپر لیک کیس میں ملوث ایک اور ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی ہے ۔
بتادیں کہ سال۲۰۲۲میں سب انسپکٹر امتحانات کے پرچے قبل از وقت افشاں ہوئے تھے ۔
اطلاعات کے مطابق تین ہفتے قبل ای ڈی نے سال۲۰۲۲سب انسپکٹر امتحانات پیپر لیک کے کلیدی ملزم کی گرفتاری عمل میں لانے کے بعد بدھ کے روز انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور ایک ملزم کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ بدھ کے روز انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی )جموں نے۳۱سالہ انیل کمار ساکن ہریانہ کی گرفتاری عمل میں لاکر اس سے پوچھ تاچھ شروع کی۔
معلوم ہوا ہے کہ جمعرات کی صبح ملزم کو جموں کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اسے پانچ روزہ ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق ۲۴جون کو ای ڈی نے پیپر لیک سکیم کے ایک کلیدی ملزم یتن یادو کو حراست میں لیا تھا۔
واضح رہے کہ جموں وکشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کی جانب سے۲۷مارچ۲۰۲۲میں سب انسپکٹر اسامیوں کو پر کرنے کی خاطر تحریری امتحان لیا گیا تاہم پیپر لیک کا معاملہ سامنے آنے کے بعد حکومت نے کمیٹی تشکیل دی۔
کمیٹی کی جانب سے رپورٹ پیش کرنے اور امیدواروں کی جانب سے الزامات لگانے کے بعد جموں وکشمیر کی انتظامیہ نے اس امتحان کے ساتھ ساتھ جونیئر انجینئر اور فائنانس اکاونٹس اسسٹنٹ کے امتحانات کو بھی منسوخ کیا۔
جموں وکشمیر انتظامیہ نے کیس کو سی بی آئی کے سپرد کیا اور سی بی آئی نے بعدازاں ۳۳ملزمان کے خلاف چارج شیٹ پیش کیا۔نومبر ۲۰۲۲میں ای ڈی نے بھی اس ضمن میں ایف آئی آر درج کرکے منی لانڈرنگ کیس کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔