سرینگر//
انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج ودھی کمار بردی نے بدھ کے روز پہلگام کا دورہ کیا اور وہاں پر سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔
آئی جی نے بالتل اور پہلگام کے دونوں راستوں پر کئے گئے انتظامات کا معائنہ کیا جہاں انہیں رات کے دوران دکھائی دینے والے آلات ، شارپ شوٹرس کی تعیناتی، ڈرون سسٹم ، بم ڈسپوزل اسکارڈ ، کھوجی کتے ، کاونٹر آئی ای ڈی آلات اور دوسرے حفاظتی انتظامات کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ آئی جی کشمیر ودھی کمار بردی نے بدھ کے روز ننون بیس کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں پر سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔
ترجمان نے تمام سیکورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ سالانہ امر ناتھ یاترا کو بہ احسن خوبی پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کی ضرورت ہے ۔
آئی جی کشمیر نے سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل بنانے رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ کسی بھی ممکنہ خطرات کو روکنے اور یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی خاطر آپسی تال میل ناگزیر ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ آئی جی کشمیر نے ننون بیس کیمپ میں پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے سینئر آفیسران کے ساتھ بھی میٹنگ کی جس دوران انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج کو یاترا روٹوں پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔
میٹنگ میں یاترا آفیسر سوجیت کمار ، ڈی آئی جی جنوبی کشمیر جاوید احمد متو، ایس ایس پی اننت ناگ ڈاکٹر جی وی سندیپ کے علاوہ سی آر پی ایف اور آرمی کے سینئر آفیسران میں موجود تھے ۔