جموں//
جموںکشمیر بی جے پی یونٹ کے صدر رویندر رینا نے منگل کے روز کہاکہ کچھ لوگ جموں وکشمیر میں امن نہیں چاہتے اوروہ دہشت گردی کو فروغ دینے کی پالیسی پر گامزن ہے ۔
رینا نے مزید کہاکہ کٹھوعہ میں فوجی جوانوں کی ہلاکت میں ملوث دہشت گرد وں کو سخت سزا ملے گی۔
ان باتوں کا اظہار رینا نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
بی جے پی یونٹ صدر نے کہاکہ جموںکشمیر میں حالات پچھلے تین برسوں کے دوران معمول پر آئے ہیں لیکن کچھ لوگوں کو یہاں کا امن راس نہیں آرہا۔انہوں نے کہاکہ ایسے لوگ جموں وکشمیر میں امن و امان کو درہم برہم کرنے کی خاطر سازشیں رچا رہے ہیں۔
رینا نے کہاکہ کٹھوعہ کے اندر دہشت گرد حملے میں ہمارے جانبازوں نے ملک اور عوام کی حفاظت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ کٹھوعہ دہشت گردانہ حملے میں ملوث دہشت گردوں کو سخت سزا ملے گی۔
بی جے پی یونٹ صدر نے کہا’’جس طرح سیکورٹی ایجنسیوں نے کشمیر میں سرگرم ملی ٹینٹوں کا صفایا کیا اسی طرح جموں صوبے میں بھی دہشت گردوں کو چن چن کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا‘‘۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کٹھوعہ ، راجوری اور پونچھ اضلاع میں دہشت گردوں کے سبھی منصوبوں کو ناکام بنایا جائے گا۔
رینا کے مطابق دہشت گرد گھنے جنگلات کا سہارا لے کر سیکورٹی فورسز پر حملہ کر رہے ہیں اور اس کی اب انہیں بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔