سرینگر///
سرینگر کے صورہ علاقے میں جمعرات کی صبح سڑک حادثے میں ایک پولیس کانسٹیبل کی موت واقع ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے صورہ علاقے میں صورہ ،گاندربل روڈ پر جمعرات کی صبح ایک سکوٹی اور مخالف سمت سے آ رہی ایک ٹرک کے درمیان ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں سکوٹی سوار شدید زخمی ہوا۔انہوں نے کہا کہ زخمی سکوٹی سوار کوعلاج و معالجے کے لئے فوری طور پر شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا۔
متوفی کی شناخت۴۸سالہ محمد امین بٹ ولد محمد یوسف بٹ ساکن رپ پورہ لار گاندربل کے طور پر ہوئی ہے جو جموں و کشمیر پولیس میں ہیڈ کانسٹیبل کی حیثیت سے کام کر رہا تھا اور وہ ضلع پولیس لائنز سری نگر میں تعینات تھا۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے ۔
ادھروسطی ضلع گاندربل کے سترینا کنگن علاقے میں جمعرات کے روز یاترا گاڑی اور لوڈ کیرئیر کے درمیان آپسی ٹکر کے نتیجے میں تین یاتری اور دو عام شہریوں سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے ۔
اطلاعات کے مطابق سترینا کنگن کے نزدیک یاترا گاڑی اور لوڈ کیرئیرکے درمیان ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں تین یاتریوں سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا ۔
زخمیوں کی شناخت جاوید احمد ولد غلام نبی ساکن ہندواڑہ ، مظفر احمد ولد عبدالرحمن ساکن نظام پورہ کنگن اور تین یاتریوں کی پہچان مونی سود ولد جگدیش ، کرن زوجہ جگدیش کمار اور جگدیش کمار ولد فقیر چند ساکنان لدھیانہ پنجاب کے بطور ہوئی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے تین کو مزید علاج ومعالجہ کی خاطر صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ منتقل کیا گیا۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔