نئی دہلی//
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ہفتہ کے روز کہا کہ مودی حکومت امرناتھ یاتریوں کی محفوظ ، ہموار اور خوشگوار یاترا کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن انتظامات کر رہی ہے کہ عقیدت مندوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سالانہ امرناتھ یاترا ہفتہ کے روز اس وقت شروع ہوئی جب یاتریوں کا پہلا قافلہ جنوبی کشمیر کے ہمالیہ میں واقع ۳۸۸۰ میٹر اونچے غار کیلئے اپنے سفر کا آغاز کرنے کیلئے بالتل اور ننوان کے جڑواں بیس کیمپوں سے روانہ ہوا۔
شاہ نے ہندی میں’ایکس‘پر لکھا’’ شری امرناتھ یاترا ہندوستانی ثقافت کی روایت پسندی اور تسلسل کی ایک ابدی علامت ہے۔ یہ خدائی یاترا آج سے شروع ہو رہی ہے۔میں تمام عقیدت مندوں کو درشن کیلئے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں‘‘۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا’’ وزیراعظم مودی کی قیادت میں ہماری حکومت عقیدت مندوں کے محفوظ، ہموار اور خوشگوار سفر کے لئے پرعزم ہے اور حکومت نے اس بات کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن انتظام کیا ہے کہ عقیدت مندوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ہر ہر مہادیو‘‘۔
اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو امرناتھ یاترا کے آغاز پر یاتریوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بھگوان شیو کے درشن ان کے پیروکاروں میں بے پناہ توانائی پیدا کرنے کے لیے جانا جاتا ہے۔
وزیر اعظم نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا’’مقدس امرناتھ یاترا کے آغاز پر تمام یاتریوں کو میری دلی نیک خواہشات۔ بابا برفانی کے درشن سے وابستہ یہ یاترا بھگوان شیو کے عقیدت مندوں میں بے پناہ توانائی پیدا کرتی ہے۔ تمام عقیدت مندوں کو اس کی برکتوں سے سرفراز فرمائے۔ جے بابا برفانی۔‘‘
وادی کشمیر میں ہفتے کی صبح وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے بالتل بیس کیمپ اور جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ننون پہلگام بیس کیمپ سے یاتریوں کے۳ہزار۸سو ۸۰فٹ کی بلندی پر واقع پوتر گھپا کی طرف پیدل سفر کرنے اختیار کرنے سے یاترا کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شری امرناتھ جی یاترا ہفتے کی صبح بالتل اور ننون پہلگام بیس کیمپوں سے با قاعدہ شروع ہوئی۔انہوں نے کہا کہ دونوں بیس کیمپوں پر متعلقہ ضلع مجسٹریٹوں نے یاتریوں کو جھنڈی دکھا کر پوتر گھپا کی طرف روانہ کیا۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کی صبح ۴ہزار۶سو۳یاتریوں کے پہلے جتھے کو جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے کشمیر کیلئے روانہ کیا تھا۔
وادی میں انتظامیہ، سول سوسائٹی تنظمیوں، تجارتی یونیوں اور عام لوگوں نے یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا۔یاترا کو تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر انتطامات کئے گئے ہیں۔ جہاں یاتریوں کو تمام سہولیات و خدمات بہم پہنچانے کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں وہیں سیکورٹی کا بھی فقید المثال بند وبست کیا گیا ہے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق یاترا روٹوں پر قریب۸۰۰سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔علاوہ ازیں سیکورٹی فورسز کی۵۰۰؍اضافی کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔ ہر کمپنی کم از کم ایک سو اہلکاروں پر مشتمل ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ۵۲دنوں پر محیط یہ یاترا۱۹ ؍اگست کو اختتام پذیر ہوگی