نئی دہلی//
جموں کشمیر کے پانچ میں سے چار ممبران پارلیمنٹ اور لداخ مرکز کے زیر انتظام علاقہ کے ایک رکن پارلیمنٹ نے پیر کے روز مختلف زبانوں میں۱۸ ویں لوک سبھا کے رکن کے طور پر حلف لیا۔
مرکزی وزیر (آزادانہ چارج) سائنس اور ٹکنالوجی جتیندر سنگھ نے ڈوگری زبان میں رکن پارلیمنٹ کے طور پر حلف لیا۔ سنگھ اودھم پور ڈوڈہ حلقہ سے لگاتار تیسری بار منتخب ہوئے ہیں۔
جتندر نے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) کے طور پر مودی کابینہ میں جگہ بنا کر ہیٹ ٹرک بھی بنائی ۔جتندر سنگھ وزیر اعظم نریندر مودی کی کابینہ کے۷۱؍ ارکان میں شامل تھے۔پارلیمانی انتخابات میں جتندر نے کانگریس امیدوار چودھری لال سنگھ کو شکست دی۔
۲۰۱۴ میں پہلی بار رکن پارلیمنٹ بننے کے بعد انہیں پی ایم او میں مرکزی وزیر مملکت بنایا گیا تھا۔انہوں نے۲۰۱۹ سے شروع ہونے والی اپنی دوسری مدت کے دوران بھی اضافی اہم وزارتوں (آزادانہ چارج) کے ساتھ یہ چارج برقرار رکھا۔
جموں لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی امیدوار جوگل کشور شرما نے بھی ڈوگری زبان میں حلف لیا۔شرما نے پارلیمانی انتخابات میں اپنے کانگریس حریف رمن بھلا کو ایک لاکھ۳۵ہزار۴۹۸ ووٹوں سے شکست دی۔
۲۰۱۹ میں جموں پونچھ پارلیمانی سیٹ سے شرما نے بھی اسی حریف کو شکست دی تھی۔انہوں نے۲۰۱۴ میں جموں سیٹ پر کانگریس کے مدن لال شرما کے خلاف بھی کامیابی حاصل کی تھی۔
رکن پارلیمنٹ کے طور پر ہیٹ ٹرک بنانے سے پہلے آر ایس ایس کے ایک مخلص کارکن جگل نے نگروٹا سے دو بار ایم ایل اے کے طور پر بھی خدمات انجام دی تھیں۔انہوں نے جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر کے طور پر بھی کام کیا ہے۔
اننت ناگ راجوری لوک سبھا حلقہ سے نومنتخب رکن پارلیمنٹ میاں الطاف احمد لاروی نے لوک سبھا رکن کی حیثیت سے حلف لیا۔الطاف حسین نے جموں و کشمیر کی سرکاری زبان اردو میں حلف لینے کا فیصلہ کیا۔
ایک تجربہ کار سیاست دان اور کنگن سے پانچ بار قانون ساز اسمبلی کے سابق رکن، الطاف نیشنل کانفرنس (این سی) کی نمائندگی کرتے ہیں۔
حسین نے اننت ناگ راجوری لوک سبھا سیٹ سے اپنی حریف اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کودولاکھ۸۱ہزار۷۴۹ ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی۔
نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمنٹ اور ممتاز شیعہ عالم آغا راہل نے کشمیری زبان میں حلف لیا۔روح اللہ نے سرینگر پارلیمانی حلقہ سے کامیابی حاصل کی تھی۔
روح اللہ کی فتح کشمیر کے سیاسی بیانیے میں ایک اہم لمحہ ہے، جس نے متنازعہ مسائل پر رائے دہندگان کی طرف سے واضح مینڈیٹ کی نشاندہی کی ہے۔
روح اللہ نے مجموعی طور پر۳لاکھ۵۶ہزار۸۶۶ ووٹ حاصل کیے اور فیصلہ کن طور پر اپنے قریبی حریف وحید الرحمن پرا اور محمد اشرف میر کو پیچھے چھوڑ دیا۔یہ نتائج خطے کو متاثر کرنے والے اہم معاملات پر روح اللہ کی قیادت اور ان کے موقف کی مضبوط حمایت کی عکاسی کرتے ہیں۔
روح اللہ کی مہم میں دفعہ ۳۷۰کی بحالی کی وکالت کرنے اور منسوخی کے بعد کی شکایات کو دور کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ان کی جیت کی تقریر نے جموں و کشمیر کے لوگوں کے حقوق اور وقار کی بحالی پر زور دیتے ہوئے اپنے حلقوں کے خدشات کو قومی سطح پر لانے کے ان کے عزم کو اجاگر کیا۔
دریں اثنا عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) کے سربراہ انجینئر رشید، جنہوں نے شمالی کشمیر کے بارہمولہ حلقے سے پارلیمانی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی، رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے حلف نہیں اٹھا سکے کیونکہ وہ اب بھی جیل میں بند ہیں۔
رشید نے بارہمولہ سیٹ سے پارلیمانی انتخابات میں سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد لون کو شکست دی تھی۔
دریں اثنا لداخ سے آزاد امیدوار محمد حنیفہ جان نے بھی لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے حلف لیا۔جان نے اپنے پہلے پارلیمانی انتخابات میں لداخ سے لوک سبھا انتخاب جیتا تھا۔
جان نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا ’’ لداخ کے عوام کی خدمت کیلئے پرعزم ہندوستان کے رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے حلف اٹھانے پر مجھے بے حد فخر ہے۔ میں عاجزی کے ساتھ لداخ کے شہریوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کو یقینی بناتے ہوئے اپنے فرائض کو دانشمندی اور لگن کے ساتھ نبھانے کیلئے اللہ سے رہنمائی اور طاقت کی درخواست کرتا ہوں‘‘۔
پارلیمنٹ سیشن کے پہلے دن پروٹیم اسپیکر بھرتہری مہتاب نے نو منتخب ارکان پارلیمنٹ کو حلف دلایا۔
۱۸ویں لوک سبھا کا پہلا اجلاس پیر کو تمام نو منتخب ارکان پارلیمنٹ کی حلف برداری کے ساتھ شروع ہوا اور یہ سیشن ۳ جولائی تک جاری رہے گا۔