سرینگر//
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے کریری علاقے میں بدھ کو سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان تصادم میں تین پاکستانی جنگجو اور ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ۔
کشمیر زون پولیس نے انسپکٹر جنرل وجے کمار کے حوالے سے ایک ٹویٹ میں کہا’’بارہمولہ انکاؤنٹر اپ ڈیٹ:اس چانس انکاؤنٹر میں تین پاکستانی دہشت گرد ہلاک جبکہ جموں وکشمیر پولیس کا ایک اہلکار‘مدثر احمد شیخ بھی شہید ہوگیا‘‘۔
کمار نے کہا کہ جائے تصادم آرائی سے قابل اعتراض مواد کے علاوہ اسلحہ و گولہ بارود بھی بر آمد کیا گیا۔
قبل ازیں ذرائع نے بتایا کہ پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم نے بدھ کی صبح بارہمولہ کے کریری علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
ذرائع نے کہا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے جنگجوؤں نے اس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔
جھڑپ کے حوالے سے پولیس کے ایک ترجمان نے آج شام ایک بیان میں کہا کہ تمام مارے گئے دہشت گردوں کی لاشیں جن کا تعلق کالعدم دہشت گرد تنظیم جیش محمد سے ہے جائے وقوعہ سے برآمد کی گئی ہیں۔ ان کی شناخت علی بھائی، حنیف بھائی اور شاہ ولی کے طور پر کی گئی ہے جو تمام پاکستان کے رہائشی ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ دہشت گردوں کا مذکورہ گروپ پٹن کریری محور میں سرگرم تھا اور ان کا سراغ لگایا جا رہا تھا۔
پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک مشتبہ شخص کی مزید تلاش جاری ہے جو ممکنہ طور پر محاصرہ توڑ کر فرار ہو گیا ہے۔