بنگلورو// جسپریت بمراہ (کل وکٹ آٹھ) اور روی چندرن اشون (مجموعی طور پر چھ وکٹ) کی خطرناک گیندبازی کی بدولت ہندوستان نے سری لنکا کو یہاں دوسرے پنک بال ٹیسٹ کرکٹ میچ کے تیسرے دن پیر کو 59.3 اوور میں 208 رنز پر آل آؤٹ کرکے238 رنز سے بڑی جیت درج کی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے دو میچوں کی یہ سیریز 2-0 سے جیت لی سری لنکا کے کل کے ایک وکٹ پر 28 رن کے اسکور کے ساتھ آج کے کھیل کا آغازہوا۔ کپتان دیمتھ کرونارتنے اور کشل مینڈس نے پہلے سیشن میں شاندار بلے بازی کرتے ہوئے دن کی اچھی شروعات کی۔ دونوں کے درمیان دوسرے وکٹ کے لیے 97 رنز کی شراکت ہوئی، لیکن اشون نے اس شراکت کو توڑ دیا۔ مینڈس 97 کے اسکور پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد سری لنکا نے لگاتار دو مزید وکٹیں گنوائیں۔ 98 کے اسکور پررویندر جڈیجا نے سری لنکا کے سب سے تجربہ کار بلے باز اینجلو میتھیوز کوبولڈ کرکے ڈگ آؤٹ بھیج دیا اور پھر 105 کے اسکور پر اشون نے دھننجے ڈی سلوا کوچلتاکیا۔ اس کے بعد، اگرچہ کپتان کروناتنے اور نروشن ڈکویلا کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 55 رنز کی شراکت ہوئی، لیکن اکشر پٹیل نے 160 کے اسکور پر ڈکویلا کا وکٹ لے کر اس شراکت کو توڑ دیا۔ اکشر نے 180 کے اسکور پر چرت اسلنکا کو اپنا شکار بنایا اور پھر بمراہ نے لمبے وقت سے کریز پر جمے ہوئے کروناتنے کو بولڈ کر کے پویلین بھیج دیا۔
اس دوران، اشون نے لاستھ ایمبولڈینیا کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔ بمراہ بھی جاتے جاتےایک اور وکٹ لے گئے۔ بمراہ نے شاندار یارکر کے ساتھ سورنگا لکمل کا وکٹ لیا اور پھر اشون نے آخر میں وشوا فرنانڈو کو آؤٹ کر کے میچ کو شاندار طریقے سے ختم کیا۔ بمراہ نے دونوں اننگز میں 47 رن کے عوض آٹھ جبکہ اشون نے 85 رن پر چھ وکٹ لئے۔
سری لنکا کے لیے کروناتنے نے دوسری اننگ میں 15 چوکوں کی مدد سے 174 گیندوں میں 107 رنز کی سنچری اسکور کی۔ وہیں ہندوستان کے لیے شریئس ائیردونوں اننگز میں بلے کے ساتھ شاندار رہے۔ انہوں نے پہلی اننگ میں 10 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 98 گیندوں میں 92 اور دوسری اننگ میں 9 چوکوں کی مدد سے 87 گیندوں میں 67 رنز بنائے۔
(یو این آئی)