نئی دہلی//ملک میں اٹھارویں لوک سبھا کے انتخابات مکمل ہونے کے بعد اور ووٹوں کی گنتی سے ایک دن قبل قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کے ایک اہم اتحادی جنتا دل (یو) کے سربراہ اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پیر کو یہاں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔
مسٹر کمار اپنے دو روزہ دورے پر دارالحکومت دہلی پہنچے ہیں اور وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد شام کو وہ وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کرنے والے ہیں۔
لوک سبھا انتخابات کے ایگزٹ پول کے اندازوں کے بعد وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر ہونے والی مسٹر کمار کی ملاقات کے بارے میں سرکاری طور پر کچھ نہیں کہا گیا ہے ، لیکن ماہرین اس ملاقات کو بہت اہم مان رہے ہیں اور اس سے کئی معنی نکال رہے ہیں۔ سمجھا جاتا ہے کہ دونوں لیڈروں نے انتخابات اور ان کے اندازوں کے بارے میں بات کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے مرکز میں این ڈی اے حکومت کی تشکیل کی صورت میں مستقبل کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ایگزٹ پولز نے دکھایا ہے کہ بہار میں این ڈی اے کی پوزیشن اتنی مضبوط نہیں ہے جتنی کہ انتخابات کے آغاز سے پہلے توقع کی جارہی تھی۔
سیاسی حلقوں میں یہ بحث بھی چل رہی ہے کہ انتخابی نتائج آنے کے بعد شاید مسٹر کمار کو مرکز میں وزارتی عہدہ دیا جا سکتا ہے اور بہار میں ان کی جگہ کسی بی جے پی لیڈر کو وزیر اعلیٰ کی ذمہ داری دی جا سکتی ہے ۔ تاہم ابھی تک کسی نے بھی کسی بھی سطح پر ایسی باتوں کی تصدیق نہیں کی ہے ۔