نئی دہلی//
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جگت پرکاش نڈا نے دعویٰ کیا کہ لوک سبھا انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے کی کامیابی کے بعد ان کی پارٹی۳۷۰سے زیادہ سیٹیں جیت لے گی۔
لوک سبھا انتخابات کے آخری مرحلے میں ووٹنگ ختم ہونے کے بعد نڈا نے تمام سات مرحلوں میں پرامن ووٹنگ کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔
نڈا نے کہا’’دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا سب سے بڑا جشن اختتام پذیر ہو گیا ہے ۔ میں اپنی پارٹی کی طرف سے انتخابات کی کامیابی سے تکمیل پر الیکشن کمیشن آف انڈیا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں‘‘۔
بی جے پی کے قومی صدر نے کہا کہ جمہوریت کے اس عظیم تہوار کو کامیاب بنانے کے لیے جس طرح ہر کسی نے اپنی پوری کوشش کی ہے وہ پوری دنیا کے لیے تحقیق کا موضوع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ بی جے پی اس الیکشن میں۳۷۰سے زیادہ سیٹیں جیت لے گی اور وزیر اعظم نریندر مودی تیسری بار ملک کے وزیر اعظم بنیں گے ۔