جموں/۲۸مئی
مرکزی تحقیقاتی بیورو (سی بی آئی) نے جموں وکشمیر کے ضلع رام بن کے بانہال علاقے میں ایک سرکاری ملازم کو 18 ہزار رویے نقدی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
سی بی آئی کے ایک ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ سی بی آئی نے ملزم کے خلاف ایک کیس درج کیا تھا کہ اس نے شکایت کنندہ سے اراضی تصفیہ کی درخواست پر کارروائی کرنے کے لئے 20 ہزار روپے رشوت طلب کئے تھے ۔
ترجمان نے کہا”آپس میں بات چیت کے بعد ملزم شکایت کنندہ سے 18 ہزار روپیے لینے پر راضی ہوا تھا“۔ان کا کہنا تھا”سی بی آئی نے پیر کو جال بچھا کر ملزم کو شکایت کنندہ سے 18 ہزار روپیے نقدی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا“۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بعد ازاں ملزم کے رہائشی اور سرکاری احاطوں کی تلاشی کی گئی جس دوران 3 لاکھ 71 ہزار 5 سو روپیے نقدی اور دیگر دستاویزات بر آمد کئے گئے ۔
ترجمان نے کہا کہ اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہے ۔