نئی دہلی// قومی دارالحکومت دہلی کی تیس ہزاری عدالت نے جمعہ کو وزیر اعلی اروند کیجریوال کے ذاتی معاون بیبھو کمار کو چار دن کے لئے عدالتی حراست میں بھیج دیا۔
عام آدمی پارٹی ( آپ ) کی راجیہ سبھا رکن سواتی مالیوال پر حملہ کے معاملے میں گرفتار بیبھو کمار کی پولیس حراست کی مدت ختم ہونے کے بعد پولیس نے انہیں آج عدالت میں پیش کیا، جہاں سماعت کے دوران دہلی پولیس نے بیبھو کمار کی چار دن کی عدالتی تحویل کی درخواست کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے انہیں 28 مئی تک عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔
قابل ذکر ہے کہ بیبھو کمار کو دہلی پولیس نے محترمہ مالیوال پر حملہ کے معاملے میں 18 مئی کو دہلی کے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔ اس معاملے میں ملزم بیبھو کمار نے تفتیش کے دوران ضبط کیے گئے ڈی وی آر کے تحفظ اور اسے ریکارڈ پر رکھنے کے لیے درخواست دائر کی ہے ۔