سرینگر//
جمو ںکشمیر میں رہبر کھیل‘جنگلات اور این وائی سی ملازمین کی جانب سے سخت احتجاج کے بیچ حکومت نے واضح کیا ہے کہ اُن کے پاس مذکورہ اسکیموں کے تحت تعینات ملازمین کو فارغ کرنے کا کوئی منصوبہ زیرغور نہیں ہے ۔
دریں اثنا بی جے پی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا نے کہاکہ بیروکریسی میں کئی ایسے آفیسران ہے جو بھاجپا کے مشن کو ناکام بنانے کی سعی کر رہے ہیں تاہم اُن کے سبھی منصوبوں کو ناکام بنایا جائے گا۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ جمو ں وکشمیر میں پچھلے دو روز سے رہبر کھیل‘جنگلات اور این وائی سی ملازمین کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کے بیچ جموں وکشمیر انتظامیہ نے پیر کے روز واضح کیا کہ ان اسکیموں کے تحت کام کرنے والے ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔
محکمہ اطلاعات کی جانب سے ایک ٹویٹ میں واضح کیا گیا کہ حکومت جموں وکشمیر کے پاس رہبر کھیل، رہبر جنگلات اور این وائی اسکیموں کے تحت کام کر رہے ملازمین کو فارغ کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔
دریں اثنا جموں میں بھارتیہ جنتاپارٹی کے دفتر کے باہر رہبر کھیل، رہبر جنگلات اور این وائی سی اسکیموں کے تحت کام کرنے والے ملازمین کی جانب سے مسلسل دوسرے روز بھی دھرنا دیا گیا۔
دھرنے کے شرکاء سے خطاب کے دوران بھارتیہ جنتاپارٹی کے یوٹی صدر رویندر رینا نے کہاکہ ایل جی منوج سنہا سے اس معاملے پر بات کی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ رہبر کھیل، رہبر جنگلات اور این وائی اسکیموں کے تحت کام کرنے والے ملازمین کی برطرفی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔
بھاجپا صدر نے بتایا کہ انتظامیہ میں چند ایسے بیروکریٹ ہے جو بھاجپا کے مشن۵۰کو ناکام بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے تاہم اُن کے سبھی ارادوں کو ناکام بنایا جائے گا۔