سرینگر/۰۲مئی
چیف الیکٹورل آفیسر(سی ای او)‘پانڈورنگ کونڈباراو¿ پوے نے جمعرات کو کہا کہ بارہمولہ پارلیمانی حلقہ میں تقریباً 59 فیصد رائے دہندگی ریکارڈ کی گئی، جو اس حلقے کی جمہوری تاریخ میں سب سے زیادہ پولنگ فیصد ہے۔
یہ سنگ میل پولنگ کے دن تشدد کی کسی بھی اطلاع کے بغیر حاصل کیا گیا ۔
سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پولے نے بارہمولہ حلقہ کی اہم کامیابی پر روشنی ڈالی۔
سی ای او نے کہا”بارہمولہ کے لوگوں نے آج پارلیمانی سیٹ کے لئے سب سے زیادہ ووٹنگ فیصد کے ساتھ تاریخ رقم کی ہے اور انتخابات کا دن تشدد سے پاک ہے“۔
پولے نے بتایا کہ حلقے میں 2103 پولنگ اسٹیشنز ہیں جن کی نگرانی سی سی ٹی وی نگرانی کے ذریعے کی جارہی ہے۔ان کاکہنا تھا”سست پولنگ کی کچھ شکایات کے باوجود تحقیقات سے پتہ چلا کہ پولنگ عملہ تندہی اور موثر انداز میں کام کر رہا تھا“۔
پولے نے زور دے کر کہا”کہیں بھی کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی، اور کوئی تشدد نہیں دیکھا گیا“۔
ہندواڑہ اسمبلی حلقہ میں سب سے زیادہ 67.5 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی جبکہ گریز اسمبلی حلقہ میں سب سے کم رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔
پولے نے بارہمولہ پارلیمانی حلقہ کے لئے پولنگ فیصد کا تاریخی موازنہ پیش کیا: 2019میں 34.57‘ 2014میں 39.13‘ 2009 میں 41.84‘2004میں35.65‘ 1999میں27.79‘ 1998میں 41.94 اور 1996 میں 46.65فیصد۔