امبالہ/18 مئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز کانگریس پر اپنے حملے تیز کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی مضبوط حکومت تھی جس نے دفعہ 370 کی دیوار کو گرایا اور اس کے نتیجے میں کشمیر اب ترقی کی راہ پر آگے بڑھ رہا ہے۔
مودی نے جیپ اسکینڈل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی تاریخ ہندوستانی افواج اور فوجیوں کو دھوکہ دینے کی رہی ہے۔
”کیا ایک کمزور حکومت جموں و کشمیر کے حالات کو تبدیل کر سکتی تھی“؟ مودی نے ہریانہ میں اپنی پہلی لوک سبھا انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یہ سوال کیا۔
مسلح افواج میں ہریانہ کی بڑی تعداد میں فوجیوں کی شراکت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب کانگریس اقتدار میں تھی تو ہریانہ میں مائیں اپنے بچوں کی حفاظت کے بارے میں سوچکر بہت فکرمند تھیں۔
وزیر اعظم نے سامعین سے پوچھا کہ ”کیا اب ایسی چیزیں بند ہو گئی ہیں یا نہیں؟“ انہوں نے بلند آواز میں ’ہاں‘ میں جواب دیا۔
مودی نے کہا کہ مودی کی مضبوط اور فیصلہ کن حکومت نے دفعہ 370 کی دیوار گرا دی اور کشمیر اب ترقی کی راہ پر آگے بڑھ رہا ہے۔
اگست 2019 میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیرقیادت مرکز نے آئین کے آرٹیکل 370 کی دفعات کو منسوخ کردیا تھا جس نے جموں و کشمیر کو خصوصی حقوق دیئے تھے اور سابق ریاست کو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کردیا تھا۔
مودی نے کہا کہ 4 جون کو لوک سبھا انتخابات کے نتائج کا اعلان ہونے میں صرف 17 دن باقی رہ گئے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس اور انڈین نیشنل ڈیولپمنٹ انکلوسیو الائنس (انڈیا) میں اس کے شراکت داروں نے پہلے چار مرحلوں کی پولنگ میں ایک بھی نشست حاصل نہیں کی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہریانہ کی رگوں میں حب الوطنی دوڑتی ہے اور ریاست ملک دشمن قوتوں کو سمجھتی ہے۔ لہٰذا ہریانہ کا ہر گھر کہہ رہا ہے کہ ’پھر ایک بار‘ اور بھیڑ نے جواب دیا کہ ’مودی سرکار‘۔
مودی نے کہا کہ جب ملک میں مضبوط حکومت ہوتی ہے تو دشمن کچھ بھی کرنے سے پہلے 100 بار سوچتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جس کے ہاتھوں میں پہلے بم تھے، اب اس کے ہاتھ میں بھیک کا کٹورا ہے۔
مودی نے کہا،©©”جب ’دھڑک‘ سرکار ہوتی ہے، تو دشمن خوفزدہ ہو جاتا ہے“۔
ہریانہ کی 10 لوک سبھا سیٹوں کے لئے سات مرحلوں میں ہونے والے انتخابات کے چھٹے مرحلے میں 25 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔
ریلی میں ہریانہ کے سابق وزیر اعلی اور کرنال سے بی جے پی کے لوک سبھا انتخابات کے امیدوار منوہر لال کھٹر، امبالہ اور کروکشیتر سے پارٹی کے امیدوار، بنٹو کٹاریہ اور نوین جندل بھی موجود تھے۔
اس سے قبل مودی نے سابق مرکزی وزیر رتن لال کٹاریہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ لوک سبھا میں امبالہ کی نمائندگی کرنے والے کٹاریہ کی ہفتہ کو برسی منائی گئی۔ ان کی اہلیہ بنٹو کٹاریہ اس بار بی جے پی کی لوک سبھا امیدوار ہیں۔