سرینگر//
شمالی کشمیر کے بارہ مولہ ضلع میں جمعے کے روز تیز آندھی چلنے سے کئی رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا جبکہ متعدد درخت جڑ سے اکھڑ گئے ۔
اطلاعات کے مطابق جمعے بعد دوپہر موسم نے کروٹ لی جس کے ساتھ ہی شمالی ضلع بارہ مولہ میں تیز ہوائیں چلنے سے خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا۔
نامہ نگار نے بتایا کہ تیز ہوائیں چلنے سے بارہ مولہ کے متعدد علاقوں میں رہائشی مکانوں کی چھتیں اڑگئیں جبکہ سری نگر بارہ مولہ شاہراہ پر درجنوں بھاری برکم سفیدے کے درخت بھی اکھڑ گئے ۔انہوں نے بتایا کہ بارہ مولہ کے پٹن، سنگھ پورہ اور ہانجی ویرہ میں تیز آندھی کی وجہ سے متعدد درخت گر گئے جس وجہ سے بارہ مولہ سری نگر شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی تاہم پولیس کی کارروائی کے نتیجے میں ٹریفک پھر بحال ہوا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ بارہ مولہ میں چند ایک رہائشی مکانوں کی دیواریں بھی گر آئی ہیں ۔
تیز ہوائیں چلنے کی وجہ سے کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔
ادھر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں۱۱؍اور۱۲مئی کو ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کے ساتھ کہیں کہیں تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے ۔
موسمیات محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان ہے ۔
ترجمان نے کہا وادی میں۱۱؍اور۱۲مئی کو پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے اور اس دوران کہیں کہیں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وادی میں۱۳مئی کو موسم جزوی سے کلی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں۱۴سے۱۷مئی تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔دریں اثنا خشک موسم کے بیچ وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں بھی اضافہ درج ہوا ہے ۔
دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت۸ء۱۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۶ء۱۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت ۵ء۸ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۶ء۸ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
ایک اور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت۱ء۷ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۶ء۶ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۵ء۹ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۸ء۸ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۴ء۱۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۰ء۱۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔