سرینگر //
نابینا شخص علی محمد راتھر نے جموں کشمیر کے سرینگر لوک سبھا حلقہ کے انتخابات کیلئے سب سے پہلے ووٹ ڈالا۔
یہ سہولت الیکشن کمیشن نے ۲۰۲۴ کے لوک سبھا انتخابات کیلئے ان لوگوں کے لئے شروع کی ہے جو اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کیلئے پولنگ اسٹیشنوں پر جانے کے قابل نہیں ہیں۔
سرینگر کے ضلعی الیکشن آفس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سرینگر ضلع کے حضرت بل اسمبلی حلقہ کے دارا علاقے سے تعلق رکھنے والے ۷۵ سالہ راتھر وادی کشمیر میں ہوم ووٹنگ سہولت کے ذریعے اپنا ووٹ ڈالنے والے پہلے شخص بن گئے۔
عہدیدار نے بتایا کہ حضرت بل حلقہ کے حصہ میں نابینا ووٹر علی محمد راتھر کے لئے پہلا ہوم ووٹ ڈال کر بیلٹ باکس میں بند کردیا گیا ہے۔
سات مرحلوں میں ہونے والے عام انتخابات کے چوتھے مرحلے میں اس نشست کے لئے ووٹنگ ۱۳ مئی کو ہوگی۔
دوسری ابتدائی ووٹر شہر کے ہارون علاقے سے تعلق رکھنے والی ایک ۹۰سالہ خاتون تھیں۔ہارون میں اپنے گھر سے ووٹ ڈالنے کے بعد فزی کے نام سے جانے جانے والی یہ خاتون فخر سے جھوم رہی تھیں۔
ضلع الیکشن آفس کے عہدیداروں کی ایک ٹیم نے منگل کے روز ڈل جھیل علاقے سمیت سرینگر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا تاکہ ان رائے دہندگان کو سہولت فراہم کی جاسکے جنہوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے لئے ہوم ووٹنگ سہولت کے تحت اپنا اندراج کرایا تھا۔ (ایجنسیاں)