نئی دہلی// ہندوستان کے سابق کپتان وریندر سہواگ نے دعویٰ کیا ہے کہ پرتھوی شا اور رشبھ پنت ہندوستان کو ٹیسٹ کرکٹ پر راج کرنے اور ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ جیتنے میں مدد کرسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ سہواگ کا ماننا ہے کہ پنت کا کیریئر بالکل ان کے جیسا ہے۔
اسپورٹس 18 چینل کے ایک پروگرام میں یہ پوچھے جانے پر کہ کیا پنت کا کیرئر ان کے جیساتھا، جہاں ایک روزہ اورٹی-20 میں محدودکامیابی تھی لیکن ٹیسٹ میں انہیں کافی کامیابیاں حاصل ہوئی تھیں؟ سہواگ اس بات پراتفاق کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اگر پنت محدود اوورز کے کرکٹ میں بھی اوپننگ کرتے ہیں تو انہیں کامیابی ضرور ملے گی۔
پنت نے اب تک ہندوستانی ٹیم کے لیے کل 30 ٹیسٹ میچوں کی 51 اننگز میں 40.85 کی اوسط سے 1920 رنز بنائے ہیں۔ ون ڈے میں انہوں نے 32.50 کی اوسط سے 715 رن بنائے ہیں۔ وہیں ٹی20 میں، انہوں نے ہندوستان کے لئے 43 اننگز میں 24.39 کی اوسط سے 683 رن بنائے ہیں۔ پنت عام طور پر ہر فارمیٹ میں نمبر چار یا پانچ پر بیٹنگ کرتے ہیں۔
سہواگ نے کہا کہ ہم 50 یا 100 رن بنانے کے لیے محدود اوورز کا کرکٹ نہیں کھیلتے۔ بلکہ ہم تیز رفتاری سے اسکور کرنے کے لیے محدود اوورز کا کرکٹ کھیلتے ہیں۔ اس فارمیٹ میں کرکٹ میں مخالف ٹیم یا باؤلر کے بارے میں سوچ کر نہیں کھیلاجاتا۔ نمبر 4 یا 5 پر وہ خود کو ایسے حالات میں پائیں گے جو زیادہ ذمہ داری کا مطالبہ کرتے ہیں، لیکن اگروہ آزادانہ کھیلتے ہیں، یا کم دباو والی صوت حال میں کھیلتے ہیں تو وہ زیادہ کامیاب ہوں گے۔
سہواگ مستقبل میں شا کوبھی ایک بہتر کھلاڑی کے طور پر دیکھتے ہیں۔ سہواگ نے کہا، ‘وہ اس قسم کے کھلاڑی ہیں جو ٹیسٹ کرکٹ میں جوش واپس لا سکتے ہیں۔ اپوزیشن کو سوچنا ہوگا کہ اگر شا اور پنت بیٹنگ آرڈر میں ہیں توکیا 400 رنز کافی ہوں گے۔