سرینگر/۱۹مئی
وادی میں کشمیری پنڈتوں کو سیکورٹی فراہم کرنے کی خاطر مرکزی حکومت نے۱۵ہزار اضافی اہلکاروں کی تعیناتی کا فیصلہ لیا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ دنوں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی سربراہی میں نئی دہلی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران کشمیری پنڈت ملازمین کو محفوظ مقامات پر تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ ٹرانزٹ کیمپوں میں معقول سیکورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ کشمیری پنڈتوں کو سیکورٹی فراہم کرنے کی خاطر مرکزی حکومت نے مزید ۱۵ہزار اہلکاروں کو تعینات کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔
بتادیں کہ سالانہ امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر پہلے ہی ایک سو پیرا ملٹری فورسز کی کمپنیاں وارد کشمیر ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ کہ چاڈورہ میں کشمیری پنڈت ملازم راہول بھٹ کی ہلاکت کے بعد کشمیری پنڈت ملازمین پچھلے کئی دنوں سے اپنی مانگوں کو لے کر احتجاج پر بیٹھے ہوئے ہیں۔
گزشتہ روز آئی جی کشمیروجے کمار اور صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پول نے کشمیری پنڈت ملازمین کے ساتھ ملاقات کی اور اُنہیں یقین دلایا کہ اُن کی جائز مانگوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی سعی کی جائے گی۔