سرینگر//(ویب ڈیسک)
حکام نے بدھ کو بتایا کہ جموں اور کشمیر کے پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ جنگل میں آگ لگنے سے بارودی سرنگ کے کئی دھماکے ہوئے۔
حکام نے بتایا کہ پیر کو ایل او سی کے اُس پار جنگل میں لگی آگ مینڈھر سیکٹر میں ہندوستان کی طرف پھیل گئی۔حکام نے بتایا کہ آگ لگ بھگ نصف درجن بارودی سرنگوں کے پھٹنے کا باعث بنی جو دراندازی مخالف رکاوٹوں کے نظام کا حصہ تھیں۔
’’جنگل میں آگ پچھلے تین دنوں سے لگی ہوئی ہے۔ ہم فوج کے ساتھ مل کر آگ پر قابو پا رہے ہیں‘‘۔
فارسٹر کننار‘ حسین شاہ نے کہا ’’آگ پر قابو پالیا گیا تھا لیکن آج صبح یہ دارم شال بلاک میں شروع ہوئی اور تیز ہواؤں کی وجہ سے تیزی سے پھیل گئی‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ آگ کو بعد میں فوج کی مدد سے قابو میں لایا گیا کیونکہ یہ سرحدی بستی کے قریب پہنچی تھی۔
حکام نے بدھ کو بتایا کہ راجوری ضلع میں، سرحد کے قریب سندربندی کے علاقے میں ایک اور زبردست آگ لگ گئی جو گھمبیر، نکہ، پنجگرائے، برہامنا، موگھلا سمیت دیگر جنگلاتی علاقوں تک پھیل گئی۔کالاکوٹ کے کلر، رنتھل، چنگی کے جنگلات میں بھی آگ بھڑک اٹھی۔
ایک اہلکار نے کہا’’آگ سرحد پار سے آئی اور بالائی کانگڈی اور ڈوک بنیاد کے ایل او سی علاقوں میں بھی پھیل گئی‘‘۔انہوں نے بتایا کہ جنگل کی آگ پر قابو پا لیا گیا، بغیر کسی انسانی نقصان کے۔
حکام نے بتایا کہ جموں ضلع میں بین الاقوامی سرحد (آئی بی) کے ساتھ زراعت کے کھیتوں میں ایک اور زبردست آگ لگ گئی۔انہوں نے کہا کہ آگ بی ایس ایف کی بیلی عظمت بورر آؤٹ پوسٹ (بی او پی) کے قریب کئی کلومیٹر کے علاقے تک پھیل گئی، انہوں نے مزید کہا کہ اسے قابو میں کر لیا گیا ہے۔