سرینگر//
دارلحکومت سرینگر میں مولانا آزاد روڈ پر واقع ٹریفک پولیس ہیڈ کوارٹر کی بالائی منزل بدھ کی علی الصبح آگ کی ایک واردات میں جزوی طور پر خاکستر ہوگئی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ٹریفک پولیس ہیڈ کوارٹر سرینگر کی بالائی منزل میں بدھ کی علی الصبح قریب ساڈھے چار بجے آگ نمودار ہوگئی۔
ذرائع نے کہا کہ آگ کی اس واردات میں ہیڈ کوارٹر کی بالائی منزل کو جزوی نقصان پہنچا اور وہاں موجود ٹریفک کنٹرول روم کا ساز و سامان رکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔ان کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی وجہ فی الوقت معلوم نہیں ہوسکی ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔
اس دوران شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے حاجن علاقے میں آگ کی ایک پر اسرار واردات میں ایک قالین ورک شاپ اور ایک دو منزلہ رہائشی مکان خاکستر ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق حاجن کے سادونارا گاؤں میں منگل کی شام دیر گئے محمد ایوب وگے نامی ایک شخص کے قالین ورک شاپ اور مشتاق احمد خان اور شہباز احمد خان کے دو منزلہ رہائشی مکان میں آگ نمودار ہوگئی۔
آگ لگنے کی خبر پھیلتے ہی مقام لوگ جائے واردات پر جمع ہوگئے اور آگ بھجانے کی کوششوں میں لگ گئے اور اس دوران فائر ٹنڈرس بھی پہنچ گئے ۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ آگ کی اس وردات میں لاکھوں روپے مالیت کے قالین راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے اور دو منزلہ مکان بھی خاکستر ہوگیا۔انہوں نے حکام سے جائے واردات پر ایک ٹیم بھیجنے کی اپیل کی ہے تاکہ وہ نقصان کا تخمینہ لگا سکے اور متاثرین کو بر وقت امداد فراہم کر سکیں۔
آگ لگنے کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہے ۔