سرینگر//
لداخ کی انتظامیہ نے ۷؍اپریل کو لائن آف ایکچوئل کنٹرول کی طرف لوگوں کے مجوزہ مارچ کی کال کے بعد لیہہ میں سی آر پی سی کی دفعہ ۱۴۴ نافذ کرنے کا حکم دیا ہے۔
مزید برآں، پولیس نے۲۴ گھنٹے کے لئے انٹرنیٹ کی رفتار کو ۲ جی تک کم کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ دفعہ ۱۴۴ کے تحت چار یا اس سے زیادہ افراد کے بڑے اجتماعات پر پابندی ہے۔
گزشتہ ماہ اپنے ۲۱ روزہ بھوک ہڑتال کے دوران ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک نے لداخ کے لوگوں سے کہا تھا کہ وہ ہندوستان چین سرحد پر چراگاہوں پر مبینہ تجاوزات کی’زمینی جانچ‘کیلئے سرحدی مارچ میں ان کے ساتھ شامل ہوں۔ انہوں نے کہا’’دس ہزار لداخی سرحدوں کی طرف مارچ کریں گے‘‘۔
مارچ کی وجوہات بیان کرتے ہوئے وانگچک نے کہا’’ایک طرف وہ (لداخی) ہندوستانی کارپوریٹس کے ہاتھوں اپنی زمین کھو رہے ہیں تقریباڈیڑھ لاکھ مربع کلومیٹر اہم چراگاہ زمین اور دوسری طرف، وہ چراگاہوں کی زمین چین کے ہاتھوں کھو رہے ہیں، جو شمال سے قبضہ کر رہا ہے اور پچھلے پانچ سالوں میں ہندوستانی زمین کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کر چکا ہے‘‘۔
وانگچک نے مزید کہا کہ وانگ چک خانہ بدوش رہنما، جن کے ساتھ وہ مارچ کریں گے’’ہمیں دکھائیں گے کہ وہ پہلے کس حد تک چراگاہوں میں جاتے تھے اور اب انہیں کہاں روکنا ہے‘‘۔
لیہہ کے ضلع مجسٹریٹ نے دفعہ ۱۴۴ نافذ کرتے ہوئے ضلع میں امن و امان کی خلاف ورزی اور انسانی زندگی کو لاحق خطرے کو روکنے کی ضرورت کا حوالہ دیا۔
اتوار کے مارچ سے پہلے دفعہ۱۴۴ نافذ ہونے کی وجہ سے لیہہ کے ضلع مجسٹریٹ کی تحریری منظوری کے بغیر کوئی بھی جلوس / ریلی / مارچ نہیں نکالا جاسکتا ہے۔ مزید برآں، کسی کو بھی پیشگی منظوری کے بغیر لاؤڈ اسپیکر استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
حکم میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی ایسا بیان نہیں دے گا جس سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن عامہ میں خلل پڑنے کا امکان ہو اور جس سے ضلع میں امن و امان کے مسائل پیدا ہوں۔
مجسٹریٹ کے حکم میں لداخ میں قائم ماڈل کورٹ آف کنڈکٹ کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
پولیس نے لیہہ میں’ہنگامی سکیورٹی منظرنامے‘پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے عام لوگوں کو اکسانے کیلئے سماج دشمن عناصر اور شرپسند عناصر کے ذریعہ موبائل ڈیٹا خدمات کے ممکنہ غلط استعمال کا اندیشہ ہے۔
لداخ کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس شیو درشن سنگھ نے موبائل ڈیٹا خدمات کو۲ جی تک کم کرنے کی مانگ کی ہے ، جس سے عوامی امن برقرار رکھنے کے مفاد میں۳ جی ، ۴ جی ،۵ جی اور پبلک وائی فائی سہولیات کے موبائل ڈیٹا کو عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔یہ ہفتہ کی شام ۶بجے سے ۲۴گھنٹوں کے لئے نافذ ہوگا ۔