ممبئی// کمر کی چوٹ کے بعد دہلی کیپٹلس کے گیند باز کلدیپ یادو کو احتیاطی تدابیر کے طور پر آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ وہ کب میچ کھیلنے کے لیے دستیاب ہوں گے۔
کلدیپ چوٹ کی وجہ سے اگلے دو میچ نہیں کھیل پائیں گے۔ انہیں آرام کا مشورہ دیا گیا۔ تاہم ان کی چوٹ سنگین نہیں ہے اس لیے وہ ٹیم کے ساتھ سفر کر رہے ہیں اور فی الحال ممبئی میں ہیں۔
کلدیپ نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے اس سیزن میں دہلی کیپٹلز کے پہلے دو میچ کھیلے اور پنجاب کنگز اور راجستھان رائلز کے خلاف میچوں میں تین وکٹ لیے۔ تاہم، وہ وشاکھاپٹنم میں چنئی سپر کنگز اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف اگلے دو میچ نہیں کھیل سکے۔
ہندوستانی سلیکٹرز کلدیپ کی انجری کی پیشرفت پر گہری نظر رکھیں گے۔ وہ یکم جون سے ویسٹ انڈیز اور یو ایس اے میں شروع ہونے والے ٹی۔ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ہندوستان کے اسکواڈ میں اسپن سلاٹ میں سے ایک لینے کے لیے سب سے آگے ہیں۔
کلدیپ نے انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی کامیاب ٹیسٹ سیریز کے بعد آئی پی ایل میں کھیلنا شروع کیا۔ انہوں نے آئی پی ایل میں ایک سے زیادہ میچ کا رخ بدلنے والی گیند بازی کی۔ کلدیپ نے ٹیسٹ سیریز میں 19 وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی منتخب کیا گیا تھا۔