نئی دہلی// کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کرنل صوفیہ قریشی کے خلاف کئے گئے اشتعال انگیز تبصروں پر منگل کو گہرے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو مدھیہ پردیش کے وزیر کو فوری طور پر برطرف کرنا چاہئے۔
مسٹر کھڑگے نے کہاکہ "مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت کے ایک وزیر نے ہماری بہادر بیٹی کرنل صوفیہ قریشی کے بارے میں انتہائی توہین آمیز، شرمناک اور گھٹیا تبصرہ کیا ہے۔ پہلگام کے دہشت گرد ملک کو تقسیم کرنا چاہتے تھے لیکن دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے ‘آپریشن سندور’ کے دوران پورا ملک متحد ہو گیا تھا۔”
انہوں نے کہاکہ "بی جے پی، آر ایس ایس کی ذہنیت ہمیشہ خواتین مخالف رہی ہے، پہلے پہلگام میں شہید ہونے والے بحریہ کے افسر کی اہلیہ کو سوشل میڈیا پر ٹرول کیا گیا، پھر خارجہ سکریٹری وکرم مسری کی بیٹی کو ہراساں کیا گیا اور اب بی جے پی کے وزراء ہماری بہادر خاتون صوفیہ قریشی کے بارے میں ایسے نازیبا تبصرے کر رہے ہیں۔ مودی کو ایسے وزیروں کو فوری طور پر برطرف کرنا چاہیے۔”