جموں//
جموںکشمیر پولیس کے سربراہ آر آر سوائن نے بدھ کے روز کہاکہ منشیات کا کاروبار کرنے والے اور گینگسٹرزم کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا جارہا ہے ۔
سوائن نے کہاکہ ہم ایسے سانپوں کو کچل کر رکھ دیں گے جو یہاں پر پنجاب طرز پر کرمنل سنڈکیٹ کھڑا کرنے کی سعی کررہے ہیں۔
ان باتوں کا اظہار پولیس سربراہ نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
ڈی جی پی نے کہا’’جموںکشمیر میں منشیات فروشوں اور گینگسٹرزم کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی خاطر نئی حکمت عملی ترتیب دی جارہی ہیں‘‘۔انہوں نے مزید بتایا کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔
سوائن نے کہاکہ سب انسپکٹر دیپک شرما کی شہادت ضائع نہیں ہونے دیں گے ۔پولیس سربراہ نے کہاکہ نارکوٹکس اور گینگسٹرزم کے خلاف جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے شروع کی گئی مہم کو مزید وسیع کیاجارہا ہے ۔انہوں نے کہا’’پنجاب طرز پر کرمنل سنڈیکیٹ کوکھڑا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم ایسے سانپوں کو سختی کے ساتھ کچل دیا جائے گا‘‘۔
ڈی جی پی کے مطابق ہم نے آج منشیات اور گینگسٹرزم کے خلاف نئے جنگ کا اعلان کیا ہے اور سانپوں کو کچلنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔
پولیس چیف نے مزید بتایا کہ منشیات کے خلاف چو طرفہ جنگ شروع کی جائے گی اور اس وقت تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک نہ آخری آدمی کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
ان کے مطابق جموںکشمیر کے سبھی اضلاع میں منشیات کا کاروبار کرنے والوں اور گینگسٹروں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ اس کاروبار میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جاسکے ۔