نئی دہلی//کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے مہنگائی کو لے کر حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے پاس کوئی اقتصادی پالیسی نہیں ہے، جس کی وجہ سے عام لوگوں کی محنت کی کمائی مہنگائی کی زد میں ہے۔
مسز واڈرا نے ٹویٹ کیاکہ آپ کی پائی پائی کو جوڑ کربنائی گئی محنت کی کمائی پر مہنگائی کی مار ہے۔ بی جے پی حکومت کی کوئی ایک بھی معاشی پالیسی ایسی نہیں ہے جس سے متوسط اور غریب طبقے کی آمدنی بڑھے اور خرچ کم ہو۔ متوسط طبقے اور غریب لوگوں میں خوف ہے کہ کہیں انہیں اپنے روزمرہ کے اخراجات پورے کرنے کے لیے قرض نہ لینا پڑے۔
بعد ازاں کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں ترجمان سپریہ شرینیت نے کہا کہ ضروری اشیاءکی قیمتیں بہت بڑھ گئی ہیں۔ خوردنی تیل میں آگ لگی ہوئی ہے اور اس کی قیمتیں 15 ماہ سے مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ دالوں، تیل، سبزیوں وغیرہ کی قیمتیں بھی جلد بڑھنے والی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سبزیوں کی قیمتوں میں آگ لگی ہوئی ہے اور حکومت بے حس بنی ہوئی ہے۔ آلو جیسی سبزیوں کی مانگ آدھی رہ گئی ہے اور ان کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قیمتیں کم کرنے کی کوشش کر سکتی ہے لیکن وہ زخم پر نمک پاشی کا کام کر رہی ہے۔
دریں اثنا شعبہ مواصلات کے چیف رندیپ سنگھ سرجے والا نے مہنگائی کے بارے میں ٹویٹ کیا اور کہاکہ بی جے پی حکومت فروخت کرنے، لوٹنے اور منافع کمانے میں ریکارڈ پر ریکارڈ بنا رہی ہے۔ ایک سال میں پیٹرول – 66.1 فیصد، ڈیزل – 60.6 فیصد، دھاتیں – 24.8 فیصد، سبزیاں – 23.2 فیصد، آلو – 19.8 فیصد، گندم – 10.7 فیصدمہنگے ہوئے ہیں۔