نئی دہلی// سپریم کورٹ نے بدھ کو دہلی فٹ بال کلب کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے سابق مرکزی وزیر پرفل پٹیل کو آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) سے نکال دیا اور ان کی جگہ سپریم کورٹ کے سابق جج کی سربراہی میں منتظمین کی تین رکنی کمیٹی (سی او اے) کا تقرر کیا گیا۔
بارہ برسوں پر محیط پٹیل کی میعاد دسمبر 2020 میں ختم ہو گئی تھی، دہلی فٹ بال کلب نے ایک عرضی دائر کی جس میں کہا گیا تھا کہ "پرفل پٹیل بطور صدر اور ان کی کمیٹی ایک دہائی سے زائد عرصے سے اے آئی ایف ایف میں غیر قانونی طور سے موجود ہے۔”
اس پر اپنا فیصلہ سناتے ہوئے سپریم کورٹ نے پرفل پٹیل اور ان کی کمیٹی کو تبدیل کر دیا اور ان کی جگہ سپریم کورٹ کے سابق جج کی صدارت میں تین رکنی منتظمین کی کمیٹی مقرر کی۔
سپریم کورٹ نے اے آئی ایف ایف کے آئین کو قومی کھیل کود اور معیاری رہنما خطوط کے مطابق کرنے کی بھی ہدایت دی۔
جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ، سوریہ کانت اور پی ایس نرسمہا کی بنچ نے کہا کہ سی او اے میں سابق چیف الیکشن کمشنر ایس وائی قریشی اور ہندوستانی فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان بھاسکر گنگولی کی شکل میں دو سابق ممبران بھی ہوں گے۔ حکم نامے کے مطابق ریٹائرڈ جسٹس اے آر دیو فٹبال فیڈریشن کا چارج سنبھالیں گے۔
اس سے قبل سپریم کورٹ کے وکیل پرشانت بھوشن نے بھی عدالت کو بتایا تھا کہ دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی درخواست کی سماعت نہ ہونے کی وجہ سے ایک غیر قانونی کمیٹی اے آئی ایف ایف کا چارج سنبھال رہی ہے۔
سپریم کورٹ میں زیر التواء عرضیوں کا حوالہ دیتے ہوئے اے آئی ایف ایف نے 2017 سے انتخابات نہیں کرائے تھے۔