نئی دہلی//صدر رام ناتھ کووند نے کہا ہے کہ ہندوستان جمیکا کے ساتھ مختلف شعبوں میں تکنیکی مہارت، علم اور مہارت کا اشتراک کرنے کے لیے تیار ہے جس سے جمیکا کی تعلیم اور کاروباری منظرنامے میں تبدیلی آئے گی صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند نے منگل کو کنگسٹن میں جمیکا کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا ایک نمائندہ ہونے کے ناطے ان کے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ وہ جمیکا کی شاندارجمہوریت کے لیڈروں کے اجتماع سے خطاب کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف ہند نژاد افراد کی موجودگی اور ثقافتی تعلقات ہی نہیں ہے جو دونوں ممالک کو جوڑتے ہیں بلکہ ہندوستان اور جمیکا کا جمہوریت اور آزادی میں یقین بھی انہیں ایک دوسرے کے قریب لاتا ہے۔ تمام شہریوں کی برابری کا تصور جمیکا کے آئین کا مرکزی ستون ہے۔ہمارے بانیان جمہوریت بھی انہیں خیالات کے حامل تھے اور انہوں نے ہندوستان کے ہر ایک شہری کے لئے ذاتی آزادی کے لئے کوشش کی ۔انہوں نے آزادی، جمہوریت اور برابری کے جذبے کے ساتھ جدید ملک کی تشکیل کی ہے اور ایسا کرنے میں انہوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ ہم تنوع میں اتحاد کا جشن مناتے رہیں جو جمیکا کے اصول ’آؤٹ آف مینی ،ون پیپل‘ کے جیسا ہی ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ اپنے بھر پور قدرتی وسائل اپنے اسٹریٹجک مقام اپنی آبادی اور متحرک قیادت کے ساتھ جمیکا مزید اقتصادی کامیابی حاصل کرنے کے لئے تیار ہے۔کیری کام خطے میں اپنی قیادت، بین الاقوامی قوانین پر مبنی رویہ اور مزید ذمہ داریاں اٹھانے کی خواہش نے جمیکا کو دوسرے ممالک کے لئے ایک پسندیدہ پارٹنر بنادیا ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ چند بڑی عالمی معیشتوں کے قریب جمیکا کی اسٹریٹجک پوزیشن اور انگریزی بولنے والے اس کے باصلاحیت نوجوان اس کو ایک’علمی شاہراہ‘ بننے اور چوتھے صنعتی انقلاب سے فائدہ اٹھانےکا شاندار موقع فراہم کراتے ہیں ۔ اپنے عوام کو بااختیار بنانے اور ایک خوشحال اور پائیدار معیشت کے قیام کے ساتھ ایک محفوظ متحد اور انصاف پر مبنی معاشرہ کو یقینی بنانے کے جمیکا کے ویژن 2030 کے مقاصد ہندوستان کے بھی مقاصد ہیں۔