ممبئی//
ہندوستان کے سابق کوچ اور کپتان روی شاستری نے کہا ہے کہ وہ نوجوان تیز گیند باز عمران ملک کو ہندوستانی ٹیم میں دیکھنا پسند کریں گے۔
شاستری کا ماننا ہے کہ ضروری نہیں کہ انہیں ہر میچ کھلایا جائے، لیکن ٹیم میں رہنے سے اس نوجوان ٹیلنٹ کو مزید نکھرنے اوربہترہونے میں مدد ملے گی۔
کرک انفو کے شو ٹی 20 ٹائم آؤٹ ہندی میں بات کرتے ہوئے، شاستری نے کہا، "جیسے جیسے عمران اور میچ کھیلیں گے، ویسے مزید بہتر ہوتے جائیں گے۔ پیس کا کوئی متبادل نہیں ہوتاہے۔ جب تک انہیں پہلاوکٹ نہیں ملتاتب تک وہ بہت کچھ استعمال کرسکتے ہیں اوراس چکرمیں خوب رن بھی دیتے ہیں۔ لیکن ایک وکٹ ملنے کے بعد وہ خطرناک ہوجاتے ہیں، درست لائن لینتھ پر مسلسل گیندبازی کرتے ہیں اور پھرگچھوں میں وکٹ نکالتے ہیں۔
روی نے مزید کہا، ’’اگر اس ٹیلنٹ کو مزید نکھارنا ہے تو میں کہوں گا کہ اسے ہر سیریز میں ہندوستانی ٹیم کے ساتھ رکھنا چاہیے۔ وہ اپنے ساتھی تجربہ کار تیز گیند بازوں جسپریت بمراہ اور محمد شامی کے ساتھ بہت کچھ سیکھے گا اور اپنی خامیوں کو دورکرسکتا ہے۔ اگر اسے ہم آئی پی ایل کے بعد ایسے ہی چھوڑ دیتے ہیں تو وہ بھٹک بھی سکتا ہے۔ اس کے پاس بہت سے لوگ صلاح دینے والے ہوں گے جس سے وہ الجھن میں مبتلاہوسکتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ اسے ہندوستانی ٹیم کے ساتھ رکھا جائے۔
ممبئی انڈینز کے خلاف میچ میں عمران نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں جس میں 12 ڈاٹ گیندیں بھی شامل تھیں۔ چند برے دنوں کو چھوڑدیاجائے توعمران نے اس آئی پی ایل میں آگ اگلی ہے اور مسلسل 150+ کی رفتار سے گیندبازی کرتے ہوئے 21 وکٹیں حاصل کی ہیں۔