لندن// اپنے وقت کے دنیا کے بہترین امپائروں میں شمارسائمن ٹوفل نے امپائرنگ کو بہتر بنانے کے لیے ایک آن لائن کورس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ تین سطحی کورس منگل سے شروع ہوجائے گا۔ یہ کورس شوقیہ اور پیشہ ور افراد دونوں کے لیے ہوگا۔ جو امپائر بننا چاہتے ہیں اور جو امپائر بن چکے ہیں لیکن اپنی اسکل کو بہتر بنانا چاہتے ہیں وہ یہ کورس کر سکتے ہیں۔
ٹوفل نے اس کورس کا نصابی مواد خودتیارکیا ہےاور اسے آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی، دبئی سے بھی تسلیم کیا گیا ہے۔ ٹوفل نے کہا کہ اس کورس میں کرکٹ کے روایتی اصولوں کے بجائے عملی طریقے سے امپائرنگ کا طریقہ سکھایا جائے گا۔
کرک انفو سے بات کرتے ہوئے ٹوفل نے کہا، "ہمارے پاس تین کورسز ہیں۔ پہلا کورس بہت بنیادی ہے، جواسکول کے اساتذہ، ماں اورباپ کے لئے ہے، جن کے بچے کرکٹ کھیلتے ہیں۔ اس میں انہیں امپائر کا کردار، میچ کے دن کیا کرنا ہے وغیرہ سکھایاجائے گا۔ امپائرنگ کے روایتی کورس میں آپ کو کرکٹ کے اصول پڑھائے جاتے ہیں، لیکن اس کورس میں آپ کو میدان پر پریکٹیکل ہونا سکھایا جائے گا۔ ہمارا یہ کورس بنیادی طور پر ویڈیو پر مبنی ہوگا، جس میں لوگ دیکھ اورسن کرامپائرنگ کے مختلف پہلوؤں کو سمجھ سکیں گے۔
اس کورس کو مکمل کرنے میں صرف چند گھنٹے لگیں گے۔ ٹوفل نے کہا، "اس کورس میں آپ کو بتایا جائے گا کہ آپ میدان میں کیسا برتاؤ کریں، کسی متنازعہ لمحے کی صورت میں حالات کو کیسے ہینڈل کرنا ہے، میدان میں بننے والے دباؤ سے کیسے نمٹا جائے اور اپیل پر دباؤ کے بغیر کیسے جواب دیا جائے۔”
لیول-1 کورس ان امپائرز کے لیے ہوگا جو امپائرنگ کو اپنا کیرئیر بنانا چاہتے ہیں، جبکہ لیول-2 کورس پہلے سے امپائربن چکے لوگوں کااسکل بہترکرنے کے لیے ہوگا۔ اس کورس میں کئی طرح کی تکنیکی چیزیں بھی ہوں گی۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا عالمی امپائرنگ کورس ہوگا جسے آئی سی سی نے بھی تسلیم کیا ہے۔
ٹوفل نے کہا کہ اس کورس کو کراکر آئی سی سی بھی اپنے بورڈ ممبران کی امپائرنگ کی حیثیت کوبہتر بنا سکتا ہے۔ تاہم یہ کسی بھی مسابقتی کرکٹ کے لئے آپ کوامپائر ہونے کی پہچان نہیں دیتا۔ اس کے لیے آپ کو متعلقہ بورڈ سے شناخت حاصل کرنی ہوگی۔ اس کورس اور سرٹیفکیٹ کا مطلب ہے کہ آپ کسی بھی مسابقتی کرکٹ میں امپائرنگ کرنے کے لیے تیار ہیں، تعینات کرنایا نہ کرنا متعلقہ بورڈ کا کام ہوگا۔