نئی دہلی//مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے کمار مشرا نے کہا ہے کہ کسی بھی قوم کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی زبانوں سے واقف ہو اور ان کے فروغ کے لیے ضروری اقدامات کرے۔
بدھ کو یہاں سنٹرل آفیشل لینگویج سروس کیڈر کے افسران کی تکنیکی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مشرا نے کہا کہ کسی بھی قوم کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی زبانوں سے واقف ہو اور ان کے فروغ کے لیے ضروری اقدامات کرے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی اعلیٰ قیادت اس سمت میں پوری طرح سے مستعد ہے اور ہمارے وزیر اعظم نے ہمیشہ تمام ہندوستانی زبانوں کے احترام کو آگے بڑھانے کے لئے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی کی قیادت میں ہندی کے لیے نہ صرف ملک میں بلکہ بیرون ملک بھی سازگار ماحول بنایا گیا ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ اپنے قیام سے لے کر اب تک مرکزی سکریٹریٹ آفیشل لینگویج سروس کیڈر کی نوعیت ہمیشہ ہی اکھنڈ بھارت رہی ہے اور ملک بھر کی غیر ہندی بولنے والی ریاستوں کے ہندی بولنے والے افسران نے اس میں نمایاں تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تقریباً تمام صوبوں میں ہندی زبان پڑھائی جارہی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کا ہندی کی طرف رجحان بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد زیادہ تر اصل کام ہندی میں کرنے کا ارادہ تھا لیکن آج تک یہ مقصد حاصل نہیں ہوسکا، اب وقت آگیا ہے کہ اصل کام ہندی میں کیا جائے اور اس کا انگریزی میں ترجمہ کیا جائے۔
’ دکشن بھارت ہندی پرچار سبھا ‘کا ذکر کرتے ہوئے مسٹرمشرا نے کہا کہ آزادی سے پہلے سے ہی کئی تنظیمیں ہندی کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنڈت دین دیال نے کہا تھا کہ ثقافتی قوم پرستی کی بحالی اور تاریخ کی ازسر نو تحریر کا کام زبان کی ترقی کے بغیر ممکن نہیں۔