ممبئی//کین ولیمسن بچے کی پیدائش کے دوران اپنے خاندان کاساتھ دینے کے لئے نیوزی لینڈ لوٹ رہے ہیں۔
وہ سن رائزرس حیدرآباد کے آخری لیگ میچ کا حصہ نہیں ہوں گے، جو 22 مئی کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں پنجاب کنگز کے خلاف کھیلا جائے گا۔
ان کی غیر موجودگی میں بھونیشور کمار یا نکولس پورن ٹیم کی قیادت کر سکتے ہیں۔ جہاں بھونیشور کمار پہلے بھی کچھ آئی پی ایل میچوں میں حیدرآباد کی کپتانی کرچکے ہیں، وہیں ویسٹ انڈیز کے محدود اووروں کے کپتان نکولس پورن کو بین الاقوامی سطح پر کپتانی کا تجربہ ہے۔ الیون میں ان کی جگہ ان کے ہم وطن گلین فلپس لے سکتے ہیں ، جو ایک شاندار بلے باز ہونے کے ساتھ ساتھ ایک مفید آف اسپنر اور پارٹ ٹائم وکٹ کیپر بھی ہیں۔
حیدرآباد کے لیے اس آئی پی ایل سیزن میں ولیمسن کی کارکردگی اوسط سے کم رہی ہے۔ انہوں نے 19.64 کی عام اوسط اور 93.51 کے خراب اسٹرائیک ریٹ سے 13 اننگز میں 231 رنز بنائے ہیں۔ ان کی کپتانی میں حیدرآبادکی ٹیم 13 میچوں میں صرف چھ جیت اور سات ہار کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں آٹھویں نمبر پر ہے۔ تاہم، منگل کو ممبئی انڈینز پرجیت کے بعد پلے آف میں ان کے پہنچنے کے امکانات بہت معمولی لیکن برقرارہیں۔