چٹگاوں، 18 مئی (یو این آئی) بنگلہ دیش کے تجربہ کار بلے باز مشفق الرحیم نے بدھ کو سری لنکا کے خلاف کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن اپنے 5000 ٹیسٹ رنز مکمل کر لیے۔
وہ ایسا کرنے والے پہلے بنگلہ دیشی بلے باز بن گئے ہیں۔
اپنا 81واں میچ کھیل رہے رحیم نے میچ کے 123ویں اوور میں اسیتا فرنانڈو کی گیند کو فائن لیگ کی طرف کھیلتے ہوئے دو رن لے کر یہ ریکارڈ حاصل کیا۔
رحیم نےامبولڈینیا کی گیندپر بولڈ ہونے سے پہلے 105 رن بنائے۔ سری لنکا کے پہلی اننگ کے 397 رنوں کے جواب میں بلے بازی کرنے اتری بنگلہ دیش نے رحیم (105)، تمیم اقبال (133) اور لٹن داس (88) کی بدولت 465 رنز جوڑے۔
2005 میں انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے رحیم نے 105 رن کی اننگ میں صرف تین چوکے لگائے۔ دوسری جانب ان کے ساتھ 201 رنز کی شراکت کرنے والے لٹن نے اپنی اننگ میں 10 چوکے لگائے۔
بنگلہ دیش کے اوپنر تمیم اقبال بھی 5000 رنز کے قریب تھے، لیکن وہ 133 کے ذاتی اسکور پر ریٹائرہرٹ ہو گئے اوراس کارنامے سے 19 رنز دوررہ گئے۔