سرینگر/27 مارچ
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں وکشمیر میں آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ (افسپا) ہٹانے کے متعلق وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں مزید انتظار نہیں کیا جانا چاہئے ۔
عمر نے کہا”جب کہا جا رہا ہے کہ جموں و کشمیر میں حالات بہتر ہیں تو اب افسپا ہٹانے میں انتظار کس کا ہے ایسا پہلے ہی کیا جانا چاہئے تھا“۔
سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز وسطی ضلع بڈگام میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کے بعد نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دینے کے دوران کیا۔
این سی نائب صدر نے کہا”جہاں تک افسپا ہٹانے کی بات ہے تو بسم اللہ کرکے یہ آج ہی سے شروع کیا جانا چاہئے “۔ان کا کہنا تھا”جب کہا جا رہا ہے کہ حالات ٹھیک ہیں، ملی ٹنسی ختم ہوئی ہے ، علاحدگی پسند سوچ نہیں رہی ہے ، جموں وکشمیر میں ایسے نارمل حالات کبھی نہیں تھے جیسے آج ہیں، تو انتظار کس کا کیا جا رہا ہے یہ تو پہلے کی کیا جانا چاہئے تھا“۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ وہ سال 2011 سے ہی اس کا دن کا انتظار کر رہے ہیں کہ کب یہ قانون ہٹایا جائے ۔
سابق وزیر اعلیٰ نے خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا”لیکن مجھے ڈر ہے کہ جس طرح لداخ کے لوگوں کو آئین کے چھٹے شیڈول کا جھانسہ دیا گیا اور ان کو دھوکے میں رکھا گیا کہیں اسی طرح انتخابات کے پیش نظر جموں وکشمیر کے لوگوں کو بھی افسپا ہٹانے کا دھوکہ نہ دیا جائے ۔“