جموں//
جموںکشمیر پردیش کانفرنس کے صدر وقار رسول وانی نے پیر کے روز کہاکہ اگر بی جے پی جموںکشمیر میں کامیاب ہوئی تو اس سے عیاں ہوگا کہ لوگوں نے بھاجپا کے غلط فیصلوں کو تسلیم کیا ہے ۔
وانی نے کہاکہ گذشتہ دس برسوں کے دوران جو کچھ جموںکشمیر کے لوگوں کے ساتھ کیا گیا اس کا جواب دینے کا وقت آگیا ہے ۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے رام بن میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کے دوران کیا۔
کانگریسی لیڈر نے کہاکہ گذشتہ دس سال کے اندر جموں کے لوگوں نے موجودہ مرکزی وزیر کو کامیاب کیا لیکن شومئی قسمت کہ ڈاکٹر صاحب نے لوگوں کیلئے کچھ نہیں کیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ سری نگر جموں شاہراہ پر بھاجپا کے لوگوں کو پروجیکٹ فراہم کئے جارہے ہیں۔
وانی نے غلام نبی آزاد کا نام لئے بغیر کہاکہ پچاس سال سے کانگریس کا کھا کر بی جے پی کی ایماء پر پارٹی تشکیل دی۔انہوں نے کہاکہ پروگریسیو آزاد پارٹی ووٹوں کو تقسیم کرکے بھاجپا کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے ۔
ان کے مطابق ہمیں ان لوگوں کو مسترد کرنا ہے جنہوں نے پچھلے دس سالوں سے جموں وکشمیر کے لوگوں کو مصیبت میں ڈال دیا۔
پردیش کانگریس صدر نے مزید بتایا کہ لوک سبھا انتخابات میں لوگوں کو کانگریس امیدوار کے حق میں اپنی رائے دہی کا استعمال کرنا چاہئے کیونکہ اگر لوگوں نے بی جے پی کے حق میں ووٹ دیا تو اس کا یہ مطلب ہے کہ ہم نے بھاجپا کے سبھی غلط فیصلوں کے سامنے سرخم تسلیم کیا ہے ۔
وانی نے کہاکہ بھاجپا کے امیدواروں کو ووٹ دینا یہ ثابت کرئے گا کہ دفعہ۳۷۰کی منسوخی ، ریاست کو یوٹی میں تبدیل کرنا، دس سال سے الیکشن نہ کرنا ، لوگوں کی زمینیں چھیننے کافیصلہ صحیح تھا۔ان کے مطابق لوگ صرف ووٹ کے ذریعے ہی بی جے پی کی غلط پالیسیوں کا جواب دے سکتے ہیں۔