نئی دہلی// دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے منڈکا حادثہ میں عمارت میں پھنسے لوگوں کی جان بچانے والے فرشتوں کی بہادری اور یکجہتی کی تعریف کی اور کہا کہ دہلی اسی طرح خوشی اور غم میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتی ہے۔
مسٹر کیجریوال نے منڈکا آگ میں عمارت میں پھنسے لوگوں کی جان بچانے والوں کی بہادری اور اتحاد کے لیے تعریف کی اور کہا کہ اسی طرح دہلی خوشی اور غم میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ’’ہم سب کو متحد ہونا ہوگا اور ہمیشہ ایک دوسرے کی مدد کرنا ہوگی اور مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دہلی کے لوگوں کے ساتھ ہیں۔ ہم بلڈوزر اور سیلنگ آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے۔ میں نے اپنے ایم ایل اے سے بھی کہا ہے کہ چاہے آپ کو جیل جانا پڑے، گھبرائیں نہیں، لیکن آپ کو عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ کچھ دن پہلے بیرونی دہلی کے منڈکا علاقے میں ایک کثیر المنزلہ عمارت میں زبردست آگ لگ گئی تھی۔ اس دردناک حادثے میں کئی لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، جب کہ کئی لوگ زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ اس دوران کثیر المنزلہ عمارت میں پھنسے لوگوں کی جان بچانے کے لیے مقامی لوگ آگے آئے اور اپنی جان خطرے میں ڈال کر ان کی جانیں بچائیں۔ مسٹر کیجریوال ان لوگوں کی بہادری اور اتحاد سے بہت متاثر ہوئے اور انہوں نے آج دہلی سکریٹریٹ میں ان سے ملاقات کی۔
تقریباً 20-25 لوگ وزیر اعلیٰ سے ملنے آئے تھے۔ مسٹر کیجریوال نے ہر ایک سے ان کی حالت دریافت کی اور حادثے کے دوران ان کے ذریعہ کئے گئے کام کے بارے میں تفصیل سے جانکاری حاصل کی۔ سب نے بتایا کہ کس طرح انہوں نے عمارت میں پھنسے لوگوں کو بچانے میں مدد کی اور حادثے کے دوران اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر ان کی جان بچائی۔ کسی نے ایمبولینس کو بلایا، کسی نے فائر ڈیپارٹمنٹ کو بلایا، کسی نے بجلی کے محکمے کو بلایا۔ کس طرح انہوں نے لوگوں کو کھڑکیوں سے نیچے لانے کے لیے شیشہ توڑا اور رسی کی مدد سے نیچے اتارا۔