جموں//
جموں کے ڈوڈہ ضلع کے مرمت علاقے میں پیر کی صبح گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک شخص کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ زخمی نوجوان کو نازک حالت میں جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق مرمت ڈوڈہ میں پیر کی صبح ایک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دو افراد شدید طورپر زخمی ہوئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی لوگ جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے ایک شخص مردہ قرار دیا۔
متوفی کی شناخت روشن لال کے بطور کی گئی ہے ۔
حادثے میں زخمی ہوئے نوجوان جس کی شناخت تنویر وانی کے بطور ہوئی ہے کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں ریفر کیا گیا۔
اس دوران جموں کے بشناہ علاقے میں پیر کو ایک سڑک حادثے میں تین نوجوان زخمی ہوگئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں کے بشناہ علاقے میں رنگ روڈ پر ایک سوفٹ کار پلٹ گئی جس کے نتیجے میں اس میں سوار تین نوجوان زخمی ہوگئے ۔انہوں نے کہا کہ حادثہ پیش آتے ہی وہاں موجود لوگوں نے زخمیوں کو نزدیکی ہسپتال منتقل کیا جہاں تینوں زخمیوں کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے ۔
زخمیوں کی شناخت کلویر سنگھ، شیو راج سنگھ اور ہرش کمار ساکنان گوڈا سلاتھیہ کے طور پر ہوئی ہے ۔ذرائع کے مطابق یہ بیس گھنٹوں کے دوران اس روڈ پر پیش آنے والا دوسرا سڑک حادثہ ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے کارروائیاں شروع کی ہیں۔