سرینگر//
الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے ہفتہ کو جموں کشمیر میں لوک سبھا انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا۔
اعلان کے مطابق جموں و کشمیر میں ووٹنگ کا عمل پانچ مرحلوں میں ہوگا جبکہ ووٹوں کی گنتی ۴جون کو ہوگی۔
جموں و کشمیر میں انتخابی عمل کا آغاز پہلے مرحلے کے تحت اْدھم پورمیں ۱۹؍ اپریل کو ووٹنگ کے ساتھ ہوگا۔ اس کے بعد دوسرے مرحلے میںجموںمیں۲۶؍ اپریل کو‘تیسرے مرحلے میںاننت ناگ میں۷مئی کو‘چوتھے مرحلے میںسرینگرمیں۱۳ مئی اورپانچویں مرحلے میں ۲۰ مئی کوبارہمولہ میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ان مراحل کے اختتام کے بعد ووٹوں کی حتمی گنتی ۴جون کو ہوگی۔
کرگل اور لیہہ اضلاع میں پھیلی لداخ لوک سبھا سیٹ پر انتخابات کے پانچویں مرحلے میں ۲۰مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔
جموں و کشمیر میں کل۹۳ء۸۶لاکھ رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے اہل ہیں جن میں۵۸ء۴۲ لاکھ خواتین اور۱۶۱ تیسری جنس کے لوگ شامل ہیں۔ لداخ سیٹ کیلئے تقریبا تین لاکھ رائے دہندگان ہیں۔