نئی دہلی// بھوٹان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قریبی اور خاص بتاتے ہوئے ہندوستان نے جمعہ کو کہا کہ یہ پڑوسی ملک ہندوستان کے ساتھ اپنی دوستی اور اشتراک میں برابر کا بھروسہ رکھ سکتا ہے ۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے راشٹرپتی بھون میں بھوٹان کے وزیر اعظم داشو شیرنگ توبگے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو بھوٹان کے ساتھ ترقی میں اشتراک کرنے اور پڑوسی ملک کے لوگوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کی حمایت کرنے پر فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھوٹان کے ساتھ ہندوستان کی ساجھیداری اس کی نوجوان آبادی کی ترجیحات اور خواہشات کے مطابق جاری رہے گی۔
وزیر اعظم ٹوبگے اپنے ہندوستان کے دورے پر جمعرات کو نئی دہلی پہنچے اور انہوں نے آج راشٹرپتی بھون میں محترمہ مرمو سے ملاقات کی۔
إحترمہ مرمو نے اس حقیقت کی تعریف کی کہ وزیر اعظم ٹوبگے نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے کے لیے ہندوستان کا انتخاب کیا۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان اور بھوٹان کے تعلقات قریبی اور خاص ہیں۔ یہ رشتہ ہر سطح پر باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی ہے ۔ دونوں ممالک ایک مشترکہ روحانی وراثت رکھتے ہیں اور ہندوستان توانائی، اقتصادی ترقی اور تجارت اور سرمایہ کاری اور عوام کے درمیان تعلقات کو براہ راست اہمیت دیتا ہے ۔