سرینگر/18 مئی
شمالی ضلع بارہ مولہ کے دیوان باغ علاقے میں مشتبہ جنگجووں نے شراب کی دکان پر گرینیڈ پھینکا جو زور دار دھماکے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں چار افراد شدید طورپر زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ایک شخص زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ منگل کی شام کو بارہمولہ کے دیوان باغ علاقے میں حال ہی میں قائم کئے گئے ایک شراب کی دکان پرمشتبہ جنگجووں نے گرینیڈ سے حملہ کیا جس وجہ سے وہاں پر موجود چار افراد زخمی ہوئے۔
ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر فوری طورپر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر موجود ڈاکٹروں نے ایک کو مردہ قرار دیا جبکہ تین کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔
جاں بحق شہری کی شناخت کٹھوعہ کے ۵۳ سالہ روی کمار کے طور ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میںکٹھوعہ کے ہی گووندر سنگھ اور راجوری ضلع کے رنجےت سنگھ اور گووند سنگھ شامل ہیں ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منگل کی شام کو ایک شخص شراب خریدنے کی بہانے دکان پر گیا اور وہاں پر گرینیڈ سے حملہ کرکے راہ افرار اختیار کرگیا۔انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔
اس دوران کشمیر زون پولیس نے ایک ٹویٹ میں کہا”دہشت گردوں نے بارہمولہ میں ایک نئی کھلی شراب کی دکان کے اندر دستی بم پھینکا‘جس میں دکان کے ۴ ملازمین زخمی ہو گئے۔ ان میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ سبھی کا تعلق جموں ڈویڑن سے ہے۔ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا اور مجرموں کو پکڑنے کے لیے تلاش شروع کر دی گئی۔“