نئی دہلی//
چیف الیکشن کمشنر ‘راجیو کمار نے لوک سبھا انتخابات سے قبل تمام مبصرین کو ہدایت دی ہے کہ وہ پورے ملک میں آزادانہ، غیرجانبدارانہ، خوف اور لالچ سے پاک انتخابات میں تمام کے لئے یکساں مواقع یقینی بنائیں۔
الیکشن کمیشن نے پیر کو تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تعینات مبصرین کیلئے ایک بریفنگ کا اہتمام کیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے تمام مبصرین کو ان کے اہم کردار کی یاد دہانی کراتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ آزادانہ، غیر جانبدارانہ، خوف و ہراس سے پاک انتخابات کے لیے برابری کی سطح کو یقینی بنائیں۔
کمار نے زور دیا کہ کمیشن کے نمائندوں کے طور پرمبصرین سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ پیشہ ورانہ طور پر کام کریں اور امیدواروں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے قابل رسائی ہوں۔
سپروائزرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ سخت مگر شائستہ رویہ اختیار کریں۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کریں اور علاقوں کے بارے میں معلومات حاصل کریں اور حساس علاقوں کا جائزہ لیں۔
وگیان بھون میں ہائبرڈ موڈ میں منعقدہ بریفنگ میں انڈین ریونیو سروس اور کچھ دیگر مرکزی خدمات کے۲۱۵۰سے زیادہ عہدیداروں کے ساتھ ساتھ کئی بیوروکریٹس اور سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔ کچھ عہدیداروں نے اپنی متعلقہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف الیکٹورل افسران کے دفاتر سے ورچولی طور پر میٹنگ میں شرکت کی۔
آئندہ انتخابات کیلئے تقریباً ۹۰۰جنرل مبصر‘ ۴۵۰پولیس مبصر اور۸۰۰؍ایکسپینڈیچر آبزرور تعینات کیے جا رہے ہیں۔
کمار نے کہا کہ کمیشن نے تمام سرکلر کو دوبارہ تیار کیا ہے اور دستورالعمل اور ہینڈ بک کو اپ ڈیٹ کیا ہے جو کمیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف افسران کے کرداروں اور کاموں کی بنیاد پر ہینڈ بک اور دستورالعمل تیار کیا گیا ہے جس کے ساتھ کیا کرنا اور نہ کرنا کی فہرست بھی شامل ہے ۔