اننت ناگ//
بی جے پی جموں و کشمیر کے صدر رویندر رینا نے منگل کو کہا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں اننت ناگ راجوری پارلیمانی حلقہ میں کمل کھل جائے گا۔
رینا نے کہا کہ وادی کشمیر میں بی جے پی کے لئے لوگوں کی محبت نے نیشنل کانفرنس ، پی ڈی پی اور کانگریس کو مایوسی میں ڈال دیا ہے۔
جنوبی کشمیر کے اننت ناگ کے شانگس کے بارہ علاقے میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رینا نے کہا کہ بی جے پی اننت ناگ راجوری پارلیمانی سیٹ بھاری اکثریت سے جیتے گی۔
بی جے پی یونٹ صدر کاکہنا تھا’’آج ہزاروں لوگوں نے ہماری ریلیوں میں شرکت کی جو بی جے پی کے تئیں لوگوں کی محبت کا ثبوت ہے۔ ہم جہاں کہیں بھی عوامی ریلیاں اور جلسے کر رہے ہیں لوگ ہماری کوششوں کی ستائش کر رہے ہیں جو وادی کشمیر میں بی جے پی کے روشن مستقبل کو ظاہر کرتا ہے‘‘۔
رینا نے کہا کہ وادی کشمیر میں ہماری مقبولیت نے نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس کو مایوس کیا ہے جنہیں لوگوں نے مسترد کردیا ہے۔
بی جے پی یونٹ صدر نے کہا’’ نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس نے گزشتہ سات دہائیوں سے جموں و کشمیر کے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ دفعہ ۳۷۰کی منسوخی کے بعد یو ٹی کے لوگوں کو حقیقت کا پتہ چل گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ عوام دوست کوششوں، امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی ٹیم کی تعریف کر رہے ہیں۔ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں علاقائی سیاسی جماعتیں اپنا خطاب کھو دیں گی۔ ‘‘