یقین کریں کہ ہمیں اس بات میں کوئی شک وشبہ نہیں ہے کہ اپنے مودی جی بھارت دیش کے معروف اور مقبول لیڈر ہیں… اگر آپ کہیں تو ہم اس باپت ایک عدد بیان حلفی بھی دینے کیلئے تیار ہیں… ان کی مقبولیت کا کوئی موازنہ نہیں ہے کہ … کہ وزیر اعظم صاحب ملک میں ہی نہیں بلکہ بیرونی ممالک میں بھی خوب جانے اور مانے جاتے ہیں … سچ تو یہ ہے کہ انہوں نے عالمی سطح پر کئی معروف و مقبول لیڈروں کو مقبولیت میں پیچھے نہیں بلکہ بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے… اس لئے صاحب آپ ہماری نیت پر شک نہ کریں… ہم دل سے مانتے ہیں کہ مودی جی ایک مقبول لیڈر ہیں… جموں کشمیر میں بھی ہیں۔لیکن… لیکن رویندر رینا جی کایہ کہنا کہ وزیر اعظم کی ۷ مارچ کی سرینگر ریلی میں دو لاکھ لوگ آئیں گے… انہیں سنیں گے… ہمیں لگتا ہے کہ یا تو انہیں کہنا نہیں آیا یا پھر ہمیں سننا نہیں آیا … یا تو رینا جی کو کہنے میں غلطی ہو ئی یا پھر ہمیں سننے میں… وہ کیا ہے کہ بخشی اسٹیڈئم ایک چھوٹا سا اسٹیڈئم ہے… جہاں مشکل سے ۳۰ ہزار لوگ بیٹھ سکتے ہیں… ۳۰ ہزار لوگوں کی گنجائش ہے… اب باقی کے ایک لاکھ ۷۰ ہزار لوگ کہاں بیٹھیں گے؟…ہاںہم مانتے ہیں کہ مودی جی کی ریلی ہو اور لوگ انہیں سننے نہ آئے‘ ایسا ہو نہیں سکتا ہے… لوگ ضرور آئیں گے… اور ۲لاکھ بھی آئیں … لیکن بخشی اسٹڈئم میں نہیں آئیں گے… اور کہیں ‘ کسی اور جگہ ‘ کسی اور اسٹیڈئم میں آئیں گے… لیکن بے چارے سرینگر کے بخشی اسٹیڈئم میں نہیں آئیں گے کہ… کہ وہاں اتنی گنجائش نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے… اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے… اور کشمیر کے کونے کونے سے ‘ کریہ کریہ سے لوگ ۷ مارچ کو نکل آئیں اور… اور سرینگر میں لوگوں کا سمندر امڑ آئے… کوئی رینا جی سے کہے کہ…کہ وہ لوگوں سے کہیں ‘ان سے درخواست کریں ‘ ان سے گزارش کریں… انہیں روک لیں اور… اوراس لئے روک لیں کیونکہ بخشی اسٹیڈئم سچ میں ایک چھوٹا سا اسٹیڈئم میں ہے… بہت چھوٹا … اس میں دو لاکھ لوگ ایک ساتھ نہیں بیٹھ سکتے ہیں… خواہ مخواہ لوگوں کو تکلیف ہو گی…اور ہمیں یقین ہے کہ مودی جی بھی نہیں چاہیں گے کہ ان کے چاہنے والوں کو کوئی تکلیف ہو… اس لئے رینا جی کچھ کریں … اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے…اس سے پہلے کہ دو لاکھ لوگ بخشی اسٹیڈئم کا رخ کریں ۔ ہے نا؟