جموں//
لیفٹیننٹ گورنر‘منوج سِنہا نے آج سول سیکرٹریٹ میں جموں کشمیر یوٹی میں بجٹ ایکس پنڈیچر پر ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔
میٹنگ میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری فارسٹ دھیرج گپتا،پرنسپل سیکرٹری محکمہ خزانہ سنتوش ڈی ویدیا، اِنتظامی سیکرٹری اور سینئر اَفسران نے شرکت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مالی برس۲۴۔۲۰۲۳ء میں محکمہ وار پیش رفت کا جائزہ لیا اور اَفسروں سے مرکزی معاونت والی سکیموں اورکیپکس کے تحت دستیاب فنڈز کے صد فیصد اِستعمال پر زور دیا۔
سنہا نے کہا کہ یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ۱۹۔۲۰۱۸ء کے مقابلے میں۲۴۔۲۰۲۳ء میں کیپٹل ایکس پنڈیچر میں۱۰۲ فیصد اِضافہ ہوا ہے۔ان کاکہنا تھا’’ ہم نے اَیکسائز اور دیگر ٹیکس اور نان ٹیکس ریونیو میں بھی اِضافہ درج کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ جموں وکشمیر یوٹی میں ایک منظم فائنانشل پروڈنس سسٹم کے اِشارے ہیں‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ جموں کشمیر آج نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے کیوں کہ بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر توجہ لوگوں کی اُمنگوں کو پورا کرنے اور آتم۔ نربھر جموں و کشمیر کی تعمیر کی طرف ہے۔
ایل جی نے انتظامی سیکرٹریوں اور سینئر اَفسران سے کہا کہ وہ بروقت یوٹیلائزیشن سر ٹیفکیٹ جمع کرنے کو یقینی بنائیں۔ اُنہوںنے محکموں کو ہدایت دی کہ وہ محصولات کی وصولی کو مزید بہتر بنانے کیلئے تمام اِمکانات تلاش کریں اور اخراجات میں کمی کیلئے کفایت شعاری کے اَقدامات پر عمل کرنے کے لئے اِنتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سیلف ہیلپ گروپوں اور ایم ایس ایم ایز سے مصنوعات کی خریداری کے لئے تمام محکموں کے ذریعے ایک مربوط نظام بھی تیار کیا جانا چاہیے۔
میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ریلیف، رِی ہیبلٹیشن اور رِی کنسٹرکشن محکمے اور پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) کے اِنتظامی سیکرٹریوں اور سینئراَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ پی ایم پیکیج ملازمین کے لئے اَقامتی رہائشی خدمات پر پیش رفت کی قریب سے نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔