سرینگر//
پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایک بد نام زمانہ خاتون منشیات فروش کی غیر منقولہ جائیداد کو قرق کر دیا۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے بارہمولہ میں ایک بدنام زمانہ خاتون منشیات فروش کے۱۵لاکھ روپیے مالیت کے ایک یک منزلہ رہائشی مکان کو قرق کر دیا۔
بیان میں مذکورہ منیشات فروش کی شناخت افروزہ بیگم عرف افری زوجہ فیاض احمد ڈار ساکن گنائی حمام حال ترم گنڈ ہائی گام سوپور کے بطور کی گئی ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ یہ کارروائی این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن بارہمولہ میں درج ایک کیس کے سلسلے میں انجام دی گئی۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ تحقیقات کے دوران جائیداد کی شناخت غیر قانونی طور حاصل شدہ جائیداد کے طور پر ہوئی ہے ۔ان کا کہنا تھا’’یہ جائیداد پہلی نظر میں منشیات فروش کی طرف سے نشہ آور اور ادویات اور سائیکو ٹراپک مواد کی غیر قانونی اسمگلنگ سے حاصل کی گئی تھی‘‘۔
قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ میں سال رواں کے پہلے مہینے یعنی ماہ جنوری کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت۲۴مقدمے درج کرکے۳سخت گیر منشیات فروشوں سمیت۳۹منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کی تحویل سے لاکھوں روپیوں کا نشہ آور مواد ضبط کیا ہے ۔
ضلع میں منشیات کے خلاف وسیع پیمانے پر جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے سال۲۰۲۳کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت۲۶۴مقدمے درج کرکے۴۶۴منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔
اس دوران پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے نشہ آور مواد بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ کی ایک پولیس پارٹی نے دال وچھ کراسنگ پر ایک ناکہ لگا دیا اور اس دوران ایک شخص جس نے ایک بیگ اٹھایا تھا، نے پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی۔
ترجمان نے کہا کہ تاہم پولیس نے اس کا تعاقب کرکے اس کو دھر لیا۔
بیان میں کہا گیا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے بیگ میں بھرا؍۲کلو چرس جیسا نشہ آور مواد بر آمد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران مذکورہ شخص کی شناخت عمران احمد پرہ داماد غلام محمد شاہ ساکن ہتمورہ مٹن اننت ناگ کے بطور ہوئی ہے ۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس دج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔