ادے پور//
جموں کشمیر میں ایک کشمیری پنڈت کے قتل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس نے اسے حکومت کی ناکامی قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے ۔
کانگریس کے چنتن شیویر میں اقتصادی امور کی کمیٹی کے اہم سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے نامہ نگاروں کے سوال پر کہا کہ کانگریس کشمیری پنڈتوں کے قتل کی سخت مذمت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نہ صرف کشمیر بلکہ ملک کے کسی بھی حصے میں کسی بھی قسم کے قتل کی مذمت کرتی ہے ۔
بعد ازاں کانگریس کے مواصلات محکمہ کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے صحافیوں سے بات چیت میں کشمیر میں ہوئے تشدد کو بی جے پی حکومت کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں من مانی چل رہی ہے اور کسی کی بات نہیں سنی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس عوام کی بات نہیں سن رہی ہے اور قتل کی مخالفت کرنے والوں کے ساتھ طاقت کے ذریعے نمٹ رہی ہے ۔
خیال رہے کہ گزشتہ جمعرات کو کشمیری پنڈت راہل بھٹ کو بڈگام میں تحصیل دفتر کے احاطے میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ راہل کے قتل کے خلاف جموں و کشمیر کے مختلف مقامات پر کشمیری پنڈتوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا استعمال بھی کیا تھا۔