سرینگر/۲۲فروری
جموں کشمیر کے اسکی ریزورٹ قصبے گلمرگ میں برفانی تودے گرنے سے روس سے تعلق رکھنے والا ایک اسکیئر ہلاک ہوگیا۔ روس سے تعلق رکھنے والے سات اسکیئرز برفانی تودے کی زد میں آ گئے اور چھ کو بچا لیا گیا ہے۔
تلاش اور بچاو¿ کے کاموں کےلئے ہیلی کاپٹر تعینات کیے گئے تھے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ بڑے پیمانے پر برفانی تودہ آج گلمرگ کے بالائی علاقوں میں کنگ ڈوری ڈھلوانوں کے قریب گرا۔ پی ٹی آئی نے عہدیداروں کے حوالے سے بتایا کہ غیر ملکی مقامی لوگوں کے بغیر اسکی ڈھلوانوں پر گئے تھے۔
فوج کے جوانوں اور جموں و کشمیر انتظامیہ کی ایک گشتی ٹیم کو ریسکیو اور سرچ آپریشن کرنے کےلئے بلایا گیا تھا۔
برفانی تودے گرنے کے بعد کی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیاح گھٹنے تک برف میں پھنسے ہوئے ہیں اور ایک سویلین ہیلی کاپٹر علاقے کے اوپر منڈلا رہا ہے۔ گلمرگ میں ایڈونچر کھیلوں کے لئے سیاحوں کے ذریعہ استعمال کیا جانے والا ایک اسنو موبائل برف میں پھنس گیا ہے جس نے برفانی تودے گرنے کے بعد ڈھلوان کو ڈھانپ لیا ہے۔
کھیلو انڈیا گیمز کے تمام شرکاءمبینہ طور پر محفوظ ہیں۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج کمار سنہا نے کل گلمرگ میں چوتھے کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کا افتتاح کیا۔
گلمرگ، جہاں جنوری کے پہلے چند ہفتوں میں خشک موسم دیکھا گیا تھا، میں فروری کے آغاز سے بڑے پیمانے پر برفباری ہوئی ہے۔ یہ قصبہ اپنے مناظر اور عالمی معیار کی اسکیئنگ ڈھلوانوں کی وجہ سے جانا جاتا ہے اور حالیہ برفباری کے بعد ایڈونچر کے شوقین افراد اور سیاحوں کے لیے ایک ہاٹ اسپاٹ بن گیا ہے۔
اس ماہ کے اوائل میں سری نگر لیہہ ہائی وے پر سونمرگ علاقے میں بڑے پیمانے پر برفانی تودے گر گئے تھے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ برفانی تودہ سونمرگ میں زوجیلا سرنگ کی تعمیر کے لئے ورکشاپ کے قریب ہوا۔ تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔